• news

چھانگا مانگا کی سیاست کرنیوالے نواز شریف کو ووٹ کی عزت کا نعرہ زیب نہیں دیتا: کائرہ

گجرات (نامہ نگار) پیپلزپارٹی کے صوبائی امیدوار این اے 70 چوہدری قمرزمان کائرہ نے کہا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ وہ میاں نواز شریف لگا رہے ہیں جنہوں نے خودساری زندگی ووٹ کی عزت پامال کی حالانکہ سب جانتے ہیں کہ جرنیلوں کی جھولی میں بیٹھ کراور انکے سہارے جب میاں نواز شریف وزیراعلیٰ بنتے رہے ہیں انہیں اس وقت ووٹ کی عزت کیوں یاد نہیں آئی ماضی میں غیر ملکی امداد لیکر پاکستان کے مخالفوںکیساتھ کھڑا ہونے، لوگوں کے ضمیر خریدنے ، جماعتیں توڑنے اور چھانگا مانگا کی سیاست کی روایت میاں نوازشریف نے ہی قائم کی ہے وہ کوٹ بیلہ میں حلقہ پی پی 29کے امیدوار ڈاکٹر فرحان میر اور اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں چوہدری اصغر پسوال کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام قومی اسمبلی کے ممبران کو خریدنے، سیاست کرنے کیلئے نوٹوں سے بھرے بیگ بھر کر جج خریدنے والے میاں نوازشریف سے سب واقف ہیں۔ آج اپنے پائوں جلنے اور اپنے آمروں کے ہاتھوں پھنسنے پر انہیں بے بسی میں ملکی ادارے یاد آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کااپنی چوری پکڑے جانے پر عوام سے اس چوری اور سزا پر ساتھ مانگ کرعوامی عدالت میں جانا عجب بات ہے۔ میاں نوازشریف کیلئے خود، اسکی بیٹی، بیٹے، داماد، سمدھی سیاست سے باہر ہونا ہی انکے لئے سب سے بڑی سزا ہے جبکہ ماضی میں نوازشریف کے لیڈر نے بھٹو اسکی بیٹی، اسکی جماعت کو قتل کرنیکی کوشش کی مگرآج تاریخ خود کو دہرا رہی ہے اور بھٹو کا نواسہ، داماد، اسکی بہنیں اور بیٹیاں بھی الیکشن لڑرہی ہیں۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے سارے اثاثے ڈی کلیئر کر دئیے ہیں اگر کسی کے پاس اسکے علاوہ کوئی ثبوت ہے تو سامنے لا کر انہیں نااہل کروا دیں۔ آصف علی زرداری اور بلاول کیلئے کسی سول عدالت نے بھی آج تک فیصلہ نہیں دیا نوازشریف کیخلاف تو ملک کی سپریم عدالت نے فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو ماضی میں برابھلا، کرپٹ کہنے والے عمران خان آج انہی سیاستدانوں کو اپنانے پر مجبور ہیں انہوںنے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ کونسے نوجوانوں کی ٹیموں کو انہوں نے اس الیکشن میں ٹکٹ دے کر پاکستان میں تبدیلی کی طرف قدم رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن