پاکستان ، امریکہ تعلقات 70برس پرانے ، بہتری کیلئے کوششیں جاری ہیں :علی جہانگیر
ٹیکساس (آئی این پی‘ صباح نیوز ) امریکہ میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان 70 سال پرانے تعلقات ہیں، پاکستان امریکہ تعلقات میں بہتری کی کوشش جاری ہے۔علی جہانگیرصدیقی نے شمالی امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے ٹیکساس کنونشن میں شرکت کی اور اپنا سے وابستہ ڈاکٹروں کی تنظیم کی جانب سے پاکستان میں فلاحی سرگرمیوں کوبھی سراہا۔اس موقع پر انہوں نے کہا پاکستان امریکہ تعلقات میں بہتری کی کوشش جاری ہے۔ پاکستان اور امریکہ دونوں کو احساس ہے کہ ان کے باہمی تعلقات ستر سال پرانے ہیں۔اس میں بہتری کیلئے دونوں جانب سے محنت ہورہی ہے۔ سفیرپاکستان نے یوتھ کنونشن سے بھی خطاب کیااورکمیونٹی پرزوردیاکہ وہ آگے بڑھ کرپاکستان کی خدمت کریں۔امریکہ میں گن کلچرکے حوالے سے انہوں نے کہاکہ کسی کوانسانیت سوزکارروائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انسانیت سوزواقعات میں ملوث افرادکو کٹہرے میں لاناچاہیے۔ تاہم اصل مسئلہ گن نہیں بلکہ یہ دیکھناہوگاکہ معاشرے میں کس قسم کے مسائل ہیں،اوران کے حل کیلئے کیاکیاجاسکتاہے۔علی جہانگیر کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے وسیع تعلقات ہیں۔ باہمی تجارت سے پاکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت کا حجم 18 ٹریلین ڈالر ہے جو کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے اور پوری دنیا کی 20 فیصد معیشت یہی ہے۔