• news

نواز شریف کے خلاف ہر چال ناکام ہو رہی ہے میرا موازنہ بینظیر سے نہ کیا جائے: مریم نواز

لندن (صباح نیوز+ بی بی سی+عارف چودھری) مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کے خلاف ہر چال ناکام ہو رہی ہے، ڈپریشن کی حد نظر آ رہی ہے، لگتا ہے کسی کے اعصاب جواب دے رہے ہیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کارکنوں کو پیغامات پہنچ چکے ہیں، عوام نے ہی نواز شریف کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف آواز اٹھائی، ظلم کے خلاف اٹھنے والی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ہے۔ اگر دباﺅ برداشت نہیں کر سکتے تو پہلے فیصلہ دیتے وقت سوچنا چاہئے تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن لیڈر سے زیادہ پرجوش ہیں، ہزاروں کارکنوں کو کیسے گرفتارکیا جا سکتا ہے؟ اتوارکا واقعہ بتا رہا ہے کہ کچھ لوگوں کی تربیت میں کمی رہ گئی ہے، جو زبان عمران خان استعمال کر رہے ہیں اور ایون فیلڈ پر حملہ، یہ سب ایک ہی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کیخلاف اپیل کیلئے قانونی مشاورت کی جا رہی ہے۔ نوازشریف بزدل ڈکٹیٹر نہیں اس لئے وہ اور نواز شریف جمعہ کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنے پاکستان آمد سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’لگتا ہے غلطی در غلطی کرنے والوں نے ایک اور غلطی کر دی۔‘ ٹویٹ میں مزید لکھا ’ان کو یقین تھا کہ اہلیہ کی شدید علالت اور بیٹی کی گرفتاری سے ڈر کر نواز شریف واپس نہیں آئیں گے مگر وہ یہ بھول گئے کہ وہ آئین و قانون کا رکھوالا، عوام کا نمائندہ نواز شریف ہے، بزدل ڈکٹیٹر نہیں۔‘ لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے پاکستان آمد سے متعلق اپنی فلائٹ کی تفصیلات بھی بتائیں۔ انہوں نے پاکستان واپسی کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اور نوازشریف جمعرات کو لندن سے پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے جبکہ ابو ظہبی سے ہوتے ہوئے ان کی پرواز جمعے کی شام 6 بجکر 15 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ ’میں کیپٹن صفدر اور ہماری طرح لاکھوں کروڑوں لوگ ووٹ کو عزت دو کے جھنڈے کے نیچے ایک مارچ کا حصہ ہیں گرفتاری کیا اور بھی کوئی قربانی دینا پڑی، دیں گے۔‘ مریم نواز کا کہنا تھا ’مجھے خوشی ہے کیپٹن صفدر نے شیر کی طرح گرفتاری دی اور ووٹ کو عزت دو کی مہم میں حصہ بنے۔‘ ایک صحافی کے اس سوال پر کہ آپ پاکستان میں بینظیر ثانی کہلانا پسند کریں گی، مریم نواز کا جواب تھا ’نہیں! میں مریم نواز ہوں، میری پہچان پاکستان مسلم لیگ ن ہے، میرا کسی سے موازنہ نہ کیا جائے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا ’میری نظر میں بے نظیر بھٹو کی قدر ہے، عورت ہونے کے ناطے۔ لیکن مجھے کسی سے کمپیئر نہ کیا جائے۔ ’پارٹی کی جانب سے احتجاج کی کال دیئے جانے سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’عوام کو باضابطہ کال دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ لوگ خود بخود باہر نکل رہے ہیں اور 25 جولائی کو وہ میاں صاحب کا بدلہ لیں گے۔ عوام خود ان کی مہم چلائیں گے۔عوام کی محبت نوازشریف کےساتھ ہے۔ قوم نے نوازشریف کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔عمران خان کی تربیت میں کمی رہ گئی ہے، ظلم ہمیشہ نہیں رہتا۔

مریم نواز

ای پیپر-دی نیشن