جعلی بنک اکاﺅنٹس : سپریم کورٹ کی ہدایت پر زرداری‘ فریال کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے‘ اٹارنی جنرل کی تصدیق
اسلام آباد، لاہور، لندن (نمائندہ نوائے وقت، وقائع نگار خصوصی، خصوصی رپورٹر، ایجنسیاں) سپریم کورٹ آف پاکستان نے اندرون و بیرون ملک جعلی بنک اکا¶نٹس رکھنے سے متعلق از خود نوٹس کیس میں تحریری حکم نامہ جاری کردےا ہے جس میں زرداری گروپ کے ڈائریکٹرز آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو آئندہ سماعت پر دیگر بینیفشری افراد کے ساتھ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ کو ایسے 14 ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے جن کے خلاف اس معاملے میں فوجداری مقدمات کا اندراج ہو چکا ہے۔ آصف علی زرداری اور فرےال تالپور کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پرمشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت اتوار کو کی تھی جبکہ اب اس کا تحریری حکم نامہ جاری کےا گےا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر احمد میمن نے ان افراد کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جن کے نام پر بنکوں میں منی لانڈرنگ کیلئے جعلی اکا¶نٹس کھولے گئے اور جن کو اس سے فائدہ پہنچایا گیا ان اکا¶نٹس کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرائزیکشن کی گئی۔جعلی اکانٹس مبینہ طور پر رشوت اور کِک بیکس کے ذریعے حاصل ہونے والے فنڈز کی ہیر پھیر کے لیے استعمال ہورہے تھے،سپریم کورٹ نے 35ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز میں ملوث ہونے پر تین بینکوں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیاتھا،عدالت نے وزارت داخلہ کو، کیس میں نامزد تمام ملزمان اور فائدہ اٹھانے والوں کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا ہے تاکہ وہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے یا عدالت کے اگلے احکامات تک ملک سے باہر نہ جاسکیں۔رپورٹ کے مطابق جن افراد اور کمپنیوں کے نام پر جعلی اکا¶نٹس کھولے گئے ان کی تعدادسات ہے جبکہ جن کمپنیوں اور افراد نے ان اکا¶نٹس میں رقم جمع کرائی وہ پندرہ ہیں۔ عدالتی حکم آرڈر کے مطابق جن افراد اور کمپنیوں کو ان اکا¶نٹس سے رقم بھیج کر فائدہ پہنچایا گیا ان میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی کمپنی ”میسرز زرداری گروپ“ سمیت تیرہ کمپنیاں شامل ہیں۔ عدالتی آرڈر کے مطابق وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ انور مجید، عبدالغنی مجید، اسلم مسعود، عارف خان، نورین سلطان، کرن امان، نصیر عبدال لوتھا،محمد اقبال خان نوری،محمد اشرف، محمد اقبال آرائیں ، محمد عمیر،عدنان جاوید، قاسم علی،اعظم وزیر اخان،سمیت چودہ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول فہرست میں شامل کئے جائیں ,عدالت نے ہدایت کی ہے کہ یو بی ایل، سمٹ اور سندھ بنک کے سربراہوں سمیت جو سات ملزمان ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں ان کو بھی عدالت میں آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے , عدالت نے حکم دیا ہے کہ سمٹ بنک نے ایکویٹی کے طور پر سٹیٹ بنک کے پاس سات ارب کی جو رقم جمع کرائی ہے وہ نہیں نکلوائی جا سکے گی اور یہ اکا¶نٹ سپریم کورٹ کے آئندہ حکم تک منجمد رہے گا۔عدالت نے ان تمام افراد کو آئندہ سماعت پیش ہونے کا حکم دیا ہے کیس کی سماعت 12جولائی کو ہوگی ، عدالت نے کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔اتوار کو کیس کی سماعت کے دوران ڈی جی ایف آئی نے بینیفشریز کے حوالے سے چیف جسٹس کے استفسار پر بتاےا تھا کہ اس میں آصف زرداری اور فرےال تالپور کے نام شامل ہیں جبکہ اٹارنی جنرل فار پاکستان خالد جاویدنے میڈےا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ جن افراد کے خلاف ضاابطہ فوجداری کے تحت مقدمات درج ہیں، تحقیقات ہورہی ہیں ان میں آصف علی زرداری اور فرےال تالپور بھی شامل ہیں اسی لئے ان کے نام بھی ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری کا نام اس سے قبل سٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔ درثں اثناءسیکرٹری داخلہ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے کوئی احکامات جاری نہیں کئے۔ اس حوالے سے اگر کوئی عدالتی احکامات موصول ہوئے تو پھر معاملے کو دیکھیں گے۔ دوسری جانب آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے پر پیپلزپارٹی نے ہنگامی طور پر اعلیٰ سطح کا اہم مشاورتی اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد اہم فیصلے متوقع ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری ملتان کا دورہ مختصر کرکے گزشتہ شب لاہور پہنچ چکے ہیں۔
زرداری/تالپور