توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے طلال چودھری کی سماعت انتخابات کے بعد تک ملتوی کرنے کی درخواست پھر مسترد کر دی
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت عام انتخابات کے بعد کرنے کی استدعا پھر مسترد کرتے ہوئے گواہان کے بیانات قلمبند کروانے کا آپشن ختم کردیا۔ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ گزشتہ روز بھی عدالت میں طلال چوہدری کی جانب سے گواہان پیش نہ ہوسکے۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ٹھیک ہے آپ کے گواہ نہیں آتے، اب آپ حتمی دلائل دیں، سماعت کے دوران طلال چوہدری کے وکیل نے انتخابات کے بعد تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ عدالت عظمیٰ نے کہاکہ بدھ کو وکیل دفاع کامران مرتضیٰ کیس میں حتمی دلائل دیں گے۔
طلال چودھری