• news

بھاشا‘ مہمند ڈیم کیلئے فوجی افسران دو‘ جوان ایک دن کی تنخواہ دینگے : ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) مسلح افواج نے ڈیموں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاک فوج دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم میں حصہ ڈال رہی ہے۔ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے تمام افسر اس قومی کاز کیلئے 2دن جبکہ تینوں مسلح افواج کے جوان ایک دن کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرائیں گے۔ سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا حکم دے رکھا ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس نے ایک فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے اور خود چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ مسلح افواج نے بحیثیت ادارہ یہ قدم اٹھایا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ کے ساتھ ڈیمز پاکستان کیلئے کا بھی نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر میں فوجی افسران اور سپاہی قومی مقصد کے لئے قائم فنڈز میں اپنے حصہ جمع کرائیں گے۔ دوسری طرف دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کے دو اہم مصنوبوں کی تیز تر تکمیل کے لئے سپریم کورٹ کی جانب سے 4جولائی کے تاریخی فیصلے کے بعد عملدرآمد (امپلی منٹیشن) کمیٹی برائے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کا سیکرٹریٹ اسلام آباد میں قائم کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین امپلی منٹیشن کمیٹی کے سربراہ (چیئرمین) کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں گے جبکہ جوائنٹ سیکرٹری وزارت آبی وسائل سید مہر علی شاہ کو کمیٹی کا سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔ امپلی منٹیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس پرسوں 12جولائی کو اسلام آباد میں کمیٹی کے سیکرٹریٹ میں ہو گا۔ علاوہ ازیں ترجمان پاک فوج اور آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور آج منگل کو ایک پریس کانفرنس کر رہے ہیں جس میں وہ قومی و داخلی سلامتی سے متعلق اہم امور پر میڈیا کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ الیکشن میں پاک فوج کے کردار پر بھی روشنی ڈالیں گے جبکہ آپریشن ردالفساد، ڈیموں کی تعمیر میںپاک فوج کا کردار اور تعاون اور خلا میں پاکستان کا سیٹلائٹ بھیجنے سے متعلق معاملات پر بھی بات کرینگے۔ قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی کی جانب سے مہمند، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے ذاتی طور پر 15 لاکھ ملین روپے کا عطیہ کیا گیا، محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز کا قیام احسن اقدام ہے، پانی کی قلت ایک اہم قومی مسئلہ ہے، ملک میں واٹر ایمرجنسی کا نفاذ لازمی ہوگیا ہے، تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ڈیموں کی تعمیر اور پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے اختلاف کا بالائے طاق رکھ کر اس اہم قومی مسئلے پر مثبت سوچ کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔فیسکو انجینئرنگ ایسوسی ایشن، فیسکو افسران نے اپنی تین دن جبکہ ہائیڈروالیکٹرک سینٹرل لیبر یونین فیسکو اور فیسکو ملازمین نے ایک ایک دن کی تنخواہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان فیسکو طاہر شیخ نے کہا ہے کہ ڈیموں کی تعمیر قومی فریضہ ہے اس میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قیصر مجید ملک اور ان کی اہلیہ پمز میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ رئیسانی نے 5دن کی تنخواہ سپریم کورٹ کی جانب سے مہمند، دیامر، بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے قائم کردہ فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ مہمند ڈیم اور دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے خیبر پی کے میں بھی اکاﺅنٹس قائم کردیئے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ نے اس ضمن میں اکاونٹنٹ جنرل خیبرپی کے کو بھی آگاہ کردیا ہے اس فنڈ کا انتظام اکاﺅنٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو اور رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس ہو گا جس میں عطیات جمع کر ا سکیں گے۔چیئرمین واپڈا نے کہا ہے کہ پانی کمی کی ایک بڑی وجہ پانی کا ذخیرہ نہ کرنا ہے، استعمال ہونیوالے پانی کا 55سے 60فیصد ضائع ہو جاتا ہے، کالاباغ ڈیم ایک مفید آپشن ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہاکہ چیف جسٹس نے تعمیر سے متعلق بااختیار کمیٹی تشکیل دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن