• news

پاکستان بچانے آیا ہوں‘ وعدے پورے کر کے دکھاﺅں گا : بلاول

ملتان + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+ نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے پی پی اور پاکستان کا منشور لیکر آیا ہوں، گالی گلوچ کی سیاست نہیں کرتا، بی بی شہید کا وعدہ نبھانے اور پاکستان بچانے آیا ہوں، بی بی شہید ہمیشہ عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی تھیں میں آپ سے کئے گئے وعدے پورے کرکے دکھاﺅں گا۔ پی پی کل بھی زندہ تھی، آج بھی زندہ ہے اور کل بھی زندہ رہے گی ہمیں بیروزگاری سے لڑنا ہے۔ پی پی نے ملک کیلئے بہت سی قربانیاں دیں، ملتان کے لوگوں نے ہمیشہ پی پی کا ساتھ دیا، جمہوریت میں جیالوں کا خون شامل ہے، ملتان میں ترقی ہوئی تو پی پی کے دور میں ہوئی ہے۔ پی پی کا منشور کسان دوست ہے، کسان کارڈ کے ذریعے آپ کی فصلوں کیلئے سبسڈی اور انشورنس ہو گی، بھٹو نے کسانوں کو زمینیں دی تھیں، پی پی سمجھتی ہے کسان کی شان ملک کی شان ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا، بے نظیر کسان کارڈ دیں گے، کسانوں کی رجسٹریشن اور قرضے دیں گے، بھوک مٹاﺅ پروگرام کے تحت فوڈ کارڈ لائیں گے، فوڈ سٹورکھولیں گے، کھانے پینے کی اشیا سستی ملیں گی، جنوبی پنجاب صوبہ بنانا پڑے گا، پی پی جنوبی پنجاب کی آواز اٹھاتی ہے، 5سال حکومت نے جنوبی پنجاب کی آواز نہیں اٹھائی، میں یہاں جدوجہد کا آغاز کر رہا ہوں، میرا پہلا الیکشن ہے۔ بلاول بھٹو جو وعدے کر رہا ہے پورے کرکے دکھائے گا۔ مزید برآں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج لاہور میں پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے سی ای سی (سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی) کے تمام ممبران کو بھی طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہان ہے بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شرکت کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا پارٹی اجلاس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے پر خصوصی نظر ڈالی جائے گی۔ آن لائن کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم پیپلزپارٹی والے ہیں ہمیں کہیں بھی کوئی روک نہیں سکتا، ہمیں غربت، بھوک، پسماندگی اور بے روزگاری سے لڑنا ہے ہمیں یوٹرن اور شیر کی حکومت نہیں عوامی حکومت چاہئے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اُوچ شریف کے بعد ملتان میں انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالنے کے واقعات کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پی پی پی کے ترجمان کے مطابق چیئرمین کو ملتان ضلعی انتظامیہ نے کئی مقامات پر خطاب کرنے سے روکا۔ ضلعی انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے باوجود چیئرمین کی انتخابی مہم میں رکاوٹ ڈالی۔ ترجمان نے کہا کہ پشاور انتظامیہ نے بھی جلسہ کے لئے دی گی اجازت منسوخ کر دی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ ملتان نے پیپلزپارٹی کو ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کا م¶قف تھا کہ ریلی نکالنے کیلئے 3دن پہلے درخواست دی جاتی ہے۔
بلاول

ای پیپر-دی نیشن