اثاثہ جات کیس : مشرف اور اہلیہ آج بیٹی‘ بیٹا‘ داماد کل نیب طلب....
اسلام آباد + لاہور + پشاور (نامہ نگار+ اپنے نامہ نگار سے+ سٹاف رپورٹر+ صباح نیوز+ بیورو رپورٹ) قومی احتساب بیورو(نیب)نے پرویزمشرف کے بیٹے بلال،بیٹی عائلہ اوردامادعاصم کو11جولائی کوطلب کر لیا ہے،پرویزمشرف اور ان کی اہلیہ صہبا مشرف کو پہلے ہی آج10جولائی کو طلبی کانوٹس بھجوایا جا چکاہے۔ذرائع کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل(ر)پرویز مشرف کے بچوں کو بھجوائے گئے سمن کے مطابق پرویز مشرف کے بیٹے بلال، بیٹی عائلہ اور داماد عاصم کو کہا گیا ہے کہ وہ پرویزمشرف کے خلاف بدعنوانی سے اربوں روپے کے اثاثوں کے کیس میں 11جولائی کونیب راولپنڈی میں پیش ہوں،نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسرملک زبیرنے پرویزمشرف کے بچوںکوطلب کیا ہے،سابق آرمی چیف جنرل(ر)پرویز مشرف کے خلاف بدعنوانی اور اربوں روپے کے اثاثے بنانے کا الزام ہے، پرویز مشرف کے خلاف کرنل(ر)انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے درخواست دی تھی۔ دریں اثنا صاف پانی سکینڈل میں نیب لاہور کے ہاتھوں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنماءاور راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ کے امیدوارانجیئنر قمرالاسلام کے اہل خانہ نے انکے اکاﺅنٹ سے پیسے نکلوانے کے لئے مقامی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ چونکہ انجینئر قمرالاسلام گزشتہ دس سال سے الیکشن لڑتے چلے آرہے ہیں اور اس مرتبہ بھی الیکشن لڑ رہے ہیں الیکشن مہم پر آنے والے اخراجات کیلئے پیسوں کی ضرورت ہے جس کیلئے انجینئر قمر الاسلام کے چیکوں پر دستخط کروائے جائیں اور ان کے بینک اکاﺅنٹس سے پیسے نکلوانے کی اجازت بھی دی جائے۔فاضل احتساب عدالت نے ان کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔ علاوہ ازیںنیب عدالت نے صاف پانی کمپنی میں پائی جانے والی مالی بے ضابطگیوں سے متعلق دائر کئے گئے ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے ریفرنس میں ملوث دو ملزمان انجینئر قمر الاسلام اور وسیم اجمل کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ نیب عدالت کے جج نے تفتیشی افسران کے عدالت میں تاخیر سے پہنچنے پر ان کی سرزنش کی اور ریمارکس میں کہا کہ سخت گرمی میں سائلین کو اتنی دیر کیوں بٹھایاگیا اگر ملزمان وقت پر آسکتے ہیں تو تفتیشی افسر وقت پر کیوں نہیں آسکتے۔ علاوہ ازیں صاف پانی کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیر ہاﺅسنگ تنویر اسلم نیب میں پیش ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کو بھی نیب لاہور نے آج (منگل) کو دوبارہ طلب کر لیا۔ علیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں طلب کیا گیا ہے جب کہ عبدالعلیم خان پہلے بھی نیب آفس میں پیش ہو چکے ہیں۔ نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق ڈپٹی وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی کو آف شور کمپنی کیس میں 13 جولائی کو طلب کر لیا۔ نیب خیبرپی کے نے اختیارات کے ناجائز استعمال ،کرپشن اور خردبرد کرنے کے الزام میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اورپشاورٹاﺅن کونسل 3 کی انتظامیہ سمیت متعدد محکموں کے اعلیٰ حکام کے خلاف تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ روز قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا کی ریجنل بورڈ کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپی کے فرمان اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹرز، ڈپٹی پراسکیوٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
نیب/ مشرف