• news

نوازشریف‘ مریم کو گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ

لاہور (میاں علی افضل سے) سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی گرفتاری کے بعد انہیں اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم بہت زیادہ احتجاج اور ہنگامی صورتحال میں فیصلہ تبدیل کر دیا جائے گا اور دونوں افراد کو میانوالی یا بھکر جیل میں منتقل کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں ان تمام جیلوں میں سکیورٹی انتظامات بھی سخت کر دئیے گئے ہیں جبکہ نوازشریف اور مریم نواز کو جیلوں میں بی کلاس کا فیصلہ ان کی جانب سے درخواستوں کے بعد کیا جائے گا، گرفتاری کے بعد ان کی ملاقاتوںپر پابندی ہو گی جبکہ جیل ہسپتال میں منتقلی کا فیصلہ بھی ان دونوں کے مکمل طبی معائنے کے بعد کیا جائے گا۔ نوازشریف اور مریم نوازشریف کو جس بھی جیل میں رکھا جائے گا وہاں رینجرز اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو بھی تعینات کرنے پر غور کیا جا رہا ہے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس جاری ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کو پاکستان آنے پر گرفتاری کے بعد فوری طور پر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔ دونوں افراد کو پہلے کوٹ لکھپت جیل میں رکھنے کے آپشن پر غور کیا گیا تاہم ایون فیلڈ کیس، العزیزیہ سٹیل مل و دیگر کیسوں کی اسلام آباد کی عدالتوں میں جاری سماعت کی وجہ سے اب انہیں اڈیالہ جیل میں رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اڈیالہ جیل سے عدالتوں کے سفر کا دورانیہ 40منٹ ہے، اڈیالہ جیل میں ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کو باآسانی عدالتوں میں پیشیوں پر بھیجا جا سکے گا جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے میانوالی اور بھکر سمیت دور دراز کی جیلوں کو بھی آپشن کے طور پر رکھا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے بڑھتے ہوئے احتجاج اور مزاحمت زیادہ ہونے پر دونوں افراد کو میانوالی اور بھکر کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا جبکہ اس آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے اگر مزاحمت اور احتجاج بہت زیادہ ہوا تو دونوں افراد کے کیسوں کی جیل میں سماعت کی جائے گی اس حوالے سے جیلوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اعلیٰ افسروں کے جیلوں کے دورے جاری ہیں۔ جس جیل میں دونوں افراد کو رکھا جائے گا اس جیل کو متعلقہ ڈی پی او آفس سے کنیکٹ کر دیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت پولیس کی نفری کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ نیب لاہور نے نواز شریف اور مریم نواز کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کے حوالے سے حکمت عملی بنا لی ہے، دونوں کی گرفتاری کےلئے 2خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ایک ٹیم لاہور اور دوسری اسلام آباد میں ہو گی، طیارہ جس ائرپورٹ پر آیا اس ائر پورٹ پر کارروائی ہو گی، جبکہ نیب ٹیموں کو پولیس کی بھرپور معاونت ہو گی جبکہ ان کے پاس بکتر بند گاڑی کی سہولت بھی موجود ہو گی۔ نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور آمد کے موقع پر ائیر پورٹ کے اندر سے بذریعہ ہیلی کاپٹر انہیں اسلام آباد منتقل کرنے پر غور جاری ہے جبکہ اس کیساتھ ساتھ لاہور آنیوالے طیارے کا رُخ بھی اسلام آباد موڑنے پر غور جاری ہے، اس حوالے سے محکمہ داخلہ سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اڈیالہ جیل

ای پیپر-دی نیشن