• news

نوازشریف سے ناانصافی ہوئی، عوام 25 جولائی کو اپنا محفوظ فیصلہ سنائیں گے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام 25 جولائی کو اپنا محفوظ فیصلہ سنائیں گے جس میں جیت شیر کی ہی ہوگی اور قوم کو محض نعروں اور وعدوں پر بہلانے والوں کی سیاست کو بحیرہ عرب میں پھینک دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوست اور دشمنی کا فرق جان چکے ہیں اور تمام تر پراپیگنڈا کے باوجود دوبارہ نواز شریف ہی کامیاب ہوں گے اور عمران خان مایوس لوٹیں گے، حمزہ شہبار نے خواتین کنونشن سے خطاب کرتے کہا کہ وزارت عظمیٰ کیا نیازی صاحب کو عوام کہیں گھاس نہیں ڈالیں گے اور انہیں 2018ء کے الیکشن میں بھی کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ کس نے ان کی خدمت کی اور کس نے بلین ٹری کے نام پر اربوں کا گھپلا کیا اور قوم کو بے وقوف بنایا۔ اسی طرح لاہور اور پنجاب کی میٹرو بس پر تنقید کرنے والے سارا پشاور شہر اسی منصوبے کے نام پر اکھاڑ کر رکھ دیا اور جب کے پی کے میں ڈینگی آیا تو یہی نیازی صاحب پہاڑوں پر چڑھ دوڑے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ایک میگا واٹ بجلی پیدا نہ کر پانے والے کس منہ سے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہیں جنہوں نے ریکارڈ منصوبے مکمل کئے بجلی پیدا کی اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو میاں نواز شریف واپس آ رہے ہیں وہ ساری قوم کا فخر ہیں اور عوام ان کا تاریخی استقبال کریں گے اور مخالفین کے منہ بند کر دیں گے۔ میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواز شریف سے ناانصافی ہوئی ہے، نواز شریف قوم کے دل میں بستے ہیں اور انہیں ان کے دل سے نہیں نکالا جا سکتا۔ وہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 124 میں پی پی 147 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں مجتبیٰ شجاع کی رہائش گاہ پر خواتین کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر لاہور شائستہ پرویز ملک، سیکرٹری کنول لیاقت، ڈسٹرکٹ کونسلر طیبہ فاروق، غزالہ نصرت بیگ سمیت خواتین کارکنوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ خواتین کارکنوں نے میاں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور اس عزم کا اظہار کہا کہ اپنے قائد نواز شریف اور مریم نواز شریف کا لاہور پہنچنے پر بھرپور استقبال کریں گی۔ اس موقع پر مجتبیٰ شجاع نے بھی خطاب کیا۔ خواتین کارکنوں نے اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ میاں حمزہ شہباز نے خواتین کو عمران کے خلاف نعرے لگانے سے روک دیا اور کہا کہ اگر عالمی سطح پر جھوٹ بولنے کا ورلڈ کپ ہو تو عمران خان پہلے نمبر پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، خود نیب کے وکلاء کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہو سکی، فیصلے میں بھی یہ لکھا ہے۔ انہوں نے اپنے حلقے کے اس پولیس افسر کو نام لئے بغیر تنقید کا نشانہ بنایا جو کھلے عام بلے پر مہریں لگانے کی بات کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن