خادم رضوی کا ڈیمز کی تعمیر کیلئے لبیک پاکستان فنڈ مہم شروع کرنیکا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی نے انتخابی مہم سے خطاب کرتے کہا ہے پاکستان میں ڈیمز کی تعمیرایک بنیادی ملکی ضرورت اور وقت کا اہم ترین تقاضا ہے، ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، عوام پاکستان اپنی نسلوں کی حفاظت کے لئے خود کو پیش کریں اور ڈیموں کی تعمیر کی حامی جماعت تحریک لبیک کو ووٹ دے کر کامیاب کریںکہ یہ ملک خداداد کی عظیم خدمت ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک کو بنجر کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، تحریک کے امیدوار الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے پارلیمنٹ میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے،اور اس سلسلہ میں لبیک پاکستان فنڈ مہم کا اعلان بھی کیا جاتا ہے، جس کے تحت تحریک لبیک ڈیموں کی تعمیر میں بھرپور مالی تعاون بھی کرے گی، ڈیمز کی تعمیر سے نا صرف پانی بلکہ اقتصادی ترقی و بجلی کی کمی کے بحران سے بھی نکلا جا سکے گا، تحریک لبیک پاک فوج کی جانب سے ڈیموں کی تعمیر میں فنڈز دینے کے عمل کو سراہتی ہے، پاک فوج کی طرف سے یہ ایک قابل تحسین عمل ہے، سپریم کورٹ دیگر تمام اداروں کو بھی پابند بنائے کہ وہ نئے ڈیمز کی تعمیر میںہنگامی بنیادوں پر کام کرکے روزانہ ، روز کی بنیاد پر سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کریں۔