میڈیکل ریسرچ کو فروغ دے کر پاکستان دنیا میں نام پیدا کر سکتا ہے:نگران وزیراعلیٰ
لاہور (خصوصی رپورٹر+نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی شعبہ طب میں تاریخی حیثیت کا حامل ادارہ ہے۔میڈیکل شعبے میں اس ادارے کی تاریخی حیثیت کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں میرٹ کو فروغ دے کر اس کا مقام بحال کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے وائس چانسلر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ کی میرٹ پر تعیناتی ہوئی ہے، اسی طرح اپنے ادارے میں میرٹ کو پروموٹ کریں۔انہوںنے کہا کہ میڈیکل کے شعبہ میں ریسرچ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور میڈیکل ریسرچ کو فروغ دے کر بین الاقوامی میدان میں پاکستان اپنا نام پیدا کر سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور میڈیکل ایجوکیشن کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ طب کا شعبہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبے کا متقاضی ہے۔ میڈیکل کے طلبہ کو دوران تعلیم انسانیت کی خدمت پر مائل کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی کے مریدکے نارووال روڈ پر بنائے جانے والے نیو کیمپس کو سیالکوٹ لاہور موٹروے کے ساتھ منسلک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ سے ملاقات میں وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی تدریسی سرگرمیوں اور انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ٰڈاکٹر حسن عسکری کو اپنی کتاب ’’مشاہدات وتاثرات‘‘ پیش کی۔علاوہ ازیں ڈاکٹر حسن عسکری سے گزشتہ روز چیئرپرسن پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں ہائیر ایجوکیشن اور ریسرچ و ڈویلپمنٹ کے شعبہ کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت اور کامیابی کی کنجی ہے، لہٰذا اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے درست سمت میں تیزی سے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ اعلیٰ تعلیم کے پائیدار فروغ کیلئے کوالٹی ایجوکیشن پر توجہ مرکوز کی جائے کیونکہ کوالٹی ایجوکیشن کو اپنا کر ہی تعلیم کے شعبے میں اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ شعبہ تعلیم کا پائیدار فروغ ہی کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے اور تعلیم کی بدولت ہی ترقی یافتہ ممالک نے اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کیاہے۔ تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے جدید چیلنجز سے نبردآزما وجدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے منظم پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے نئی اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔ چیئرپرسن پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمشن ڈاکٹر نظام الدین نے اپنے ادارے کی کارکردگی اور فیوچر پلان کے بارے میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا۔