سزایافتہ مجرمو ں کوریلیاں نکالنے کی سہولت دینا قانون سے مذاق ہے: طاہر القادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے کہا کہ سزا یافتہ مجرموں کو ریلیاں نکالنے کی سہولت دینا قانون سے مذاق ہے، مجرموں کی معاونت کرنے والوں کی بھی قانون کے مطابق گرفت کی جائے،پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کے دعویدار اسے ایشیا کا مقروض اور بھکاری ملک بنا کر اقتدار سے رخصت ہوئے، نواز شریف پاکستان کی معیشت کو آئی سی یو میں داخل کروا کر رخصت ہوئے،آج پھر دیوالیہ ہونے سے بچنے کیلئے آئی ایم ایف کی طرف دیکھا جارہا ہے،یہ کھیل کب تک کھیلا جاتا رہے گا؟پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر سے چل رہا ہے، ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں کوئی نااہل ریاست کو بلیک میل کرنے کی جرأت نہ کر سکے ۔ایتھنز یونان میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ عوامی تحریک لوٹ کھسوٹ پر مبنی اس ظالمانہ نظام کی واحد اپوزیشن ہے ،اس نظام کی تبدیلی تک اپنا قومی، سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف اپنی گرفتاری سے قبل پاکستان میں توڑ پھوڑ اور فسادات چاہتے تھے لیکن سزا کے اعلان کے بعد ان کے اپنے کارندے اور دیرینہ نمک خوار بھی منظر سے غائب ہو گئے۔ پاکستان کی تاریخ میں نامی گرامی لیڈروں کو سزائیں ہوئیں، کچھ کو پھانسیاں ہوئیں، کچھ ناحق جیل گئے مگر کسی نے ریاست کے خلاف اعلان جنگ نہیں کیا، نااہل ،کرپٹ اور مجرم نواز شریف نہ تین میں نہ تیرہ میں مگر آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے۔