• news

نیب کا الیکشن سے پہلے کوئی تعلق تھا نہ اب ہے: چیئرمین

کوئٹہ (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے نیب قومی اہمیت کے منصوبوں میں بدعنوانی روکنے کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا پٹ فیڈر کینال کیس میں کرپٹ عناصر سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب بلوچستان دورہ میں کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی اورخوشحالی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کرپشن مقدمات مقررہ وقت میں منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔چیئرمین نیب نے نیب بلوچستان کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔ نیب کرپٹ عناصر کو بدعنوانی سے روکنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے ۔ نیب بلا تفریق بدعنوان عناصر کو گرفتار کرکے قوم کی لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ نیب کا نہ پہلے الیکشن سے کوئی تعلق تھا نہ آج کوئی تعلق ہے ۔ بلوچستان کی ترقی کے ملکی معیشت پر اچھے اور دورس اثرات مرتب ہوں گے ۔ عوام سے لوٹے گئے اربوں روپے کرپٹ عناصر سے وصول کرکے بلوچستان حکومت کے حوالے کئے گئے کرپٹ عناصر سے اربوں روپے کی وصولی نیب کی کارکردگی کا ثبوت ہے ۔ اب تک 246 ارب قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور اس کے مفادات کا تحفظ ہے۔ نیب چہرہ نہیں کیس دیکھتی ہے۔ چیئرمین نیب نے کرپشن کو تمام برائیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب کرپٹ عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیوں کے علاوہ معاشرے میں کرپشن کی روک تھام اور خدمت و آگاہی و شعور کے فروغ کیلئے ملک بھر کی تعلیمی درس گاہوں میں نوجوانوں کو بدعنوانی کے ملکی ترقی پر مضر اثرات کے بارے میں آگاہی کررہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن