آصف علی زرداری کے گھر اور شوگر ملز پر تعینات 150سے زائدپولیس اہلکار واپس طلب
نواب شاہ(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے گھر اور شوگر ملز پر سیکیورٹی مقاصد کے لیے تعینات 150 سے زائد پولیس کو واپس بلا لیا گیا، میڈیا گفتگو کرتے شہید بینظیر آباد کے ایس ایس پی رائی اعجاز احمد نے تصدیق کی کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اضلاع کے مختلف علاقوں میں آصف علی زرداری کی ملکیت پر تعینات پولیس افسران کو تھانے رپورٹ کرنے کا حکم جاری کردیا گیا، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے حکم پر ملک بھر میں غیر متعلقہ سیاسی اور غیر سیاسی شخصیات کی سیکیورٹی پر تعینات کل 12 ہزار 600 پولیس اہلکاروں کو واپس بلانے کا حکم دیا تھا۔رواں برس اپریل میں سیکیورٹی اداروں کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں شماریاتی رپورٹ جمع کرائی گئی تھی جس میں بتایا گیا عدالتی حکم پر پنجاب میں 4 ہزار 610، سندھ میں 5ہزار 5، خیبرپختونخوا میں 2 ہزار، بلوچستان میں 829، اسلام آباد میں 246 پولیس اہلکاروں کو واپس اسٹیشن پر بلا لیا گیا۔ایس ایس پی اعجاز احمد نے کہا انکاری پولیس اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاہم سابق صدر کی حیثیت سے زرداری ہاؤس کی منظور شدہ سیکیورٹی برقرار رہے گی۔