نوازشریف کو سزا ناجائز، مریم کیساتھ ظلم کیاجا رہا ہے : جاوید ہاشمی
ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف اور ان کے خاندان کو ناجائز سزا دی جا رہی ہے، دختر پاکستان مریم نواز کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن الیکشن میں بھرپور مقابلہ کرے گی۔ گرفتاریوں سے مسلم لیگ ن کی عوامی ہمدردی میں اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات مخدوم رشید میں اپنی رہائش گاہ میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس جلسہ میں انہوں نے سید جاوید علی شاہ اور رانا اقبال سراج کی حمایت کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے158 میرا آبائی حلقہ ہے تاہم میں نے پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر یہاں سے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا اب پارٹی ٹکٹ سید جاوید علی شاہ کو مل گیا ہے تو ان کی بھرپور حمایت کرونگا۔ سابق وفاقی وزیر سید جاوید علی شاہ نے کہا کہ میں اپنی حمایت کرنے پر مخدوم جاوید ہاشمی کا بے حد شکر گزار ہوں آج میری جیت انشاء اﷲ یقینی ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ڈیم کی ضرورت ہے اگر بلاول اور عمران خان کالا باغ ڈیم بنانے پر رضا مند ہوں تو میں ان کے حق میں دستبردار ہو جائونگا، اگر جنوبی پنجاب کو بنجر ہونے سے بچانا ہے تو پھر کالا باغ ڈیم بنانا ہو گا اس موقع پر ایم پی اے کے امیدوار رہنما مسلم لیگ ن رانا اقبال سراج نے کہا کہ اگر موقع ملا تو علاقہ میں چھوٹی بڑی انڈسٹری کا جال بچھا دونگا اور ان انڈسٹریز میں صرف اس علاقہ کے عوام ہی کو ملازمتیں دی جائیں گی، یقین رکھتا ہوں مجھے آزاد لڑنے اور شیر کا نشان چھڑانے کی بہت کو ششیں کی گئیں مگر میں نے میاں نوازشریف کا ساتھ نہیںچھوڑا ہے، رہنما مسلم لیگ ن راؤ انیس الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ شیروں کی جماعت ہے کوئی بھی قوت مسلم لیگ ن کا راستہ نہیں روک سکتی ہے۔ اس موقع پر سٹی صدر مسلم لیگ رانا شاہد الحسن ‘ رانا جمیل‘ رانا سلیم‘ توحید گل‘ رانا پرویز‘ ناصر سرور‘ رفیق والوٹ‘ زاہد بہار ہاشمی‘ راؤ مستقیم چیئرمین رانا ابراہیم مدنی‘ رانا مبین احمد حاجی رفیق ارائیں چیئرمین مسلم لیگ حاجی ذوالفقار نے بھی خطاب کیا۔