• news

زرادی تالپور کا نام بغیر ثبوت ای سی ایل میں ڈالنا قبل از وقت دھاندلی ہے : پیپلز پارٹی

لاہور+ فیصل آباد + کوئٹہ (خبر نگار+ نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کو قبل از وقت دھاندلی قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کو پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کو کمزور بنانے اور بلاول کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدگی قرار دیا ہے۔ یہ بیان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ ترین قیادت کی بلاول ہاﺅس لاہور میں طویل بیٹھک کے بعد پارٹی کے سینئر رہنماﺅں اعتزاز احسن، فرحت اللہ بابر اور شیری رحمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیئر بخاری، مولا بخش چانڈیو، مراد علی شاہ،قمر الزمان کائرہ، چودھری منظور، عزیز الرحمن چن بھی موجود تھے۔ پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا۔ اعتزاز احسن نے کہا آصف زرداری کا نام بغیر کسی ثبوت کے ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔ کوئی جرح نہیں ہوئی، فرد جرم عائد نہیں ہوئی۔ نااہل ہونے کے بعد بھی نواز شریف کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا تھا۔ پیپلزپارٹی کے عہدیدار اور کارکنوں کو اس فیصلے پر حیرت ہوئی ہے۔شیری رحمان نے کہا ان حالات میں بھی ہم انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ جس طرح بلاول نے پنجاب میں پیر جمائے ہیں لگتا ہے کچھ لوگوں کی نیند اڑ گئی ہے۔ نیب کا دوہرا معیار ہے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا یہ جو کچھ پیپلزپارٹی کے ساتھ کیا جا رہا ہے قبل از وقت دھاندلی ہے۔ پورے ملک میں ہمارے کئی امیدواروں کو وفاداریاں تبدیل کرنے کے لئے کہا جا رہا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، بدین سندھ میں مختلف لوگ سامنے آئے ہیں۔ کالعدم تنظیمیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ ان جماعتوں کو انتخاب میں اتارنا کسی خاص جماعت کو فائدہ پہنچانا ہے۔ پارلیمان کو کمزور کرنے کے لئے ایسے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ جو پری پول دھاندلی میں ملوث ہیں خدارا ان سے گزارش ہے وہ اب بس کر دیں۔ یہ 2018ءکا نیا آئی جے آئی بن رہا ہے۔ مطالبہ ہے جس نے ایف آئی اے کی رپورٹ مرتب کی اسے برطرف کیا جائے۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق پی پی 264کے امیدوار لالہ یوسف خلجی، پی پی 25کے امیدوار شریف خان انتخابی مہم کے سلسلہ میں ہولو گرام کے ذریعے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا بلوچستان کے زخم بہت گہرے ہے اور پیپلزپارٹی ہی بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھے گی،آغاز حقوق بلوچستان پیکج کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی بلوچستان کے عوام کے بنیادی مسائل کا حل چاہتی ہے پارٹی بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائے گی۔ عوام 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ”تیر“ کے نشان پر مہر لگاکر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں انشاءاللہ پیپلز پارٹی عوام کومایوس نہیں کریگی۔ مشاورتی اجلاس میں پیپلزپارٹی کی قیادت کا انتخابی سرگرمیوں میں انتظامی رکاوٹوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کا رکاوٹوں کے باوجود انتخابی سرگرمیاں زور شور سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا پیپلزپارٹی ملک کے کونے کونے میں جمہوری سیاسی پیغام لے کر جائے گی۔ کراچی سے شروع ہونے والا سفر خیبر تک جاری رہے گا۔ منفی ہتھکنڈوں سے عوام میں جانے سے نہیں روکا جا سکتا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق غلام محمد آباد میں ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا میری منزل اقتدار کا حصول نہیں بلکہ قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال کر خوشحال پاکستانی بنانا ہے‘ پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جنہوں نے ہمیشہ قربانیاں دے کر پاکستان کا علم بلند کیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا اب وقت آ گیا ہے ہم اپنی منزل کے حصول کیلئے گھروں سے نکلیں‘ ہم نے ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانا ہے‘ انہوں نے کہا میرا مشن پسماندگی‘ غربت اور بے روزگاری‘ جہالت ختم کر کے قوم میں نئی سوچ اور نئی تبدیلی لانا ہے‘ میں ایسا معاشرہ چاہتا ہوں جس میں ملک کے ہر شہری کو آگے بڑھنے اور اپنی زندگی سنوارنے کے برابری کے مواقع ملیں‘ مشکل گھڑی میں قوم کو تنہا چھوڑنا پیپلزپارٹی کا شیوہ نہیں‘ انہوں نے قوم سے کہا میرا ساتھ دیں اور 25تاریخ کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر ثابت کر دیں پیپلزپارٹی آج بھی چاروں صوبوں کی مقبول ترین جماعت ہے۔
بلاول بھٹو

ای پیپر-دی نیشن