زرداری فریال سے جواب طلب، خود آنے کی ضرورت نہیں ، ایف آئی اے
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) منی لانڈرنگ سکینڈل میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کوآج بروز بدھ طلب کرلیا ہے جبکہ کراچی میں بلاول ہاؤس اور فریال ہاؤس نے طلبی کے نوٹس وصول نہیں کیے جس کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم نوٹس گھروں کی دیواروں پر چسپاں کرکے واپس آگئی۔ 35 ارب روپے کے منی لانڈرنگ سکینڈل میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو ایف آئی اے نے طلبی کے نوٹس جاری کردیے، ایف آئی اے حکام کے مطابق آصف زرداری اور فریال تالپور کو آج طلب کیا گیا ہے اور ان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے آصف علی زرداری اور فریال تالپورکونوٹس منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے انسپکٹر محمد علی ابڑو کی جانب سے جاری کئے گئے۔ منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی پہلے ہی ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں، عدالت نے انہیں 11 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔ ایف آئی اے بے نامی اکائونٹس سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جس کے سلسلے میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا جبکہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جاچکا ہے جس کے بعد دونوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔ سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ سکینڈل میں ملوث تمام افراد کو جمعرات کو اسلام آباد طلب کر رکھا ہے۔ آن لائن/ آئی این پی کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو منی لانڈرنگ کیس میں آج بیان کے لئے ایف آئی اے سٹیٹ بنک سرکل طلب کیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے حکام نے آصف زرداری کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے آصف زرداری اور فریال تالپور کی طرف سے ملنے والے جوابات کا جائزہ لیا جائے گا۔ آصف زرداری اور فریال تالپور ذاتی طور پر نہ بھی آئیں تو بھی اعتراض نہیں ہو گا۔ جائزہ لیں گے ہمارے پوچھے گئے سوالات کا جواب کیا دیا۔ اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ مشتبہ اکائونٹس سے متعلق تحقیقات 2015 سے جاری ہیں۔ جرم ثابت ہوا تو بنک کے چھوٹے اہلکاروں کی بجائے بڑی مچھلیوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔