نوازشریف مریم کے استقبال کیلئے بلوچستان سے بھی بڑی تعداد میں کارکن آئیں گے
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مریم نواز کی 13 جولائی کو لاہور آمد کے موقع پر پنجاب سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے مسلم لیگی کارکنوں کے استقبال کی توقعات کی جا رہی تھیں۔ پنجاب میں استقبال کی تیاریاں محسوس بھی ہو رہی ہیں ادھر بلوچستان سے بھی مسلم لیگیوں کے کثیر تعداد میں استقبال کیلئے آنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ چیئرمین راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں قائم آرگنائزنگ کمیٹی میں بلوچستان، سندھ اور خیبر پی کے مسلم لیگ (ن) کے صدور بھی شامل ہیں جو انتظامات میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سیدال خان ناصر نے نوائے وقت سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ بلوچستان سے بڑی تعداد میں لوگ استقبال کیلئے لاہور آئیں گے مسلم لیگ ن بلوچستان کے تمام اضلاع کے ضلعی عہدیداروں اورصوبہ بھر میں پارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے لئے ٹکٹ ہولڈروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں استقبال کیلئے لاہور پہنچیں اور ایسا فقید المثال استقبال کریں کہ ملک کی تاریخ میں کسی سیاسی رہنما کا کبھی نہ ہوا ہو۔ ہماری کسی سے کوئی جنگ نہیں ہم اس ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کی جنگ لڑ رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک مستحکم جمہوری اور تعلیم یافتہ ملک بنے جو اندھیروں سے پاک ہو اور توانا ہو۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے عدالتوں کے احترام میں سو سے زائد پیشیاں بھگتیں بیگم کلثوم نواز کی جو کیفیت ہے وہ عوام جانتے ہیں اس وقت انہیں بالخصوص مریم نواز شریف کے ساتھ کی ضرورت ہے لیکن عدالتی احکامات کے سامنے سر تسلیم خم کر تے ہوئے میاںصاحب اور مریم بی بی نے ملک واپسی کا فیصلہ کرکے ان قوتوں کے منہ پر طمانچہ مارا ہے جو بیگم صاحبہ کی خدانخواستہ موت یا میاں صاحب اور مریم بی بی کے برطانیہ میں سیاسی پناہ کا پراپیگنڈا کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ شیروانیاں سلوانے والے منہ دھو کر رکھیں 25 جولائی کے الیکشن میں مسلم لیگ ن ہی ایک مرتبہ پھر کامیاب ہو گی۔
تیاریاں