• news

جعلی ڈگری کیس‘ انسداد بدعنوانی عدالت میں غلام سرور خان 13جولائی کو طلب

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ا ینٹی کرپشن عدالت نے ٹیکسلا سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سرور خان کو جعلی ڈگری اوردھوکہ دہی کیس میں 13جولائی بروز جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔اینٹی کرپشن عدالت کے سینئر سپیشل جج محمد نوازکی جانب سے جاری ہونے والے عدالتی حکم نامے میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی سرور خان کو ہدایت کی گئی ہے کہ جمعہ کے روزعدالت کے سامنے پیش ہوں۔ سرور خان کے خلاف ایف اے اور بی اے کی ڈگریاں جعل سازی سے حاصل کرنے اور دھوکہ دہی سے متعلق فوجداری مقدمہ زیر دفعات 218,،471، 468، 420 اورپی سی اے1947 کی دفعہ 5/2/47کے تحت اینٹی کرپشن کورٹ لاہور میں زیرِ سماعت ہے۔ملزم کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیے جانے کے باعث یہ کیس گزشتہ ڈیڑھ سال سے تعطل کا شکارتھا تاہم 6جولائی کولاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی جانب سے حکم امتناعی ختم کردیا گیا۔ عدالتِ عالیہ کی جانب سے حکم امتناعی واپس لیے جانے پر اینٹی کرپشن عدالت میں گزشتہ روز اس کیس کی دوبارہ سماعت کی گئی جس میں عدالت کی جانب سے ملزمان کو جمعہ کے روز طلب کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن