• news

ایف سی آر کے کالے قانون سے آزادی کیلئے قبائلی عوام نے بے مثال قربانیاں دیں: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایف سی آر کے کالے قانون سے آزادی کے لئے قبائلی عوام نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ آج قبائل آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں تو اس میں جماعت اسلامی کا بنیادی کردار ہے۔ ہم لوگو ں کو جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کاروں سے نجات دلانا چاہتے ہیں تاکہ عوام اللہ اور رسول ؐ کے احکامات اور اپنی تہذیب و تمدن کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ سامراجی قوتوں کے غلام حکمران ہمیں بھی مغرب کی غلامی میں دینا چاہتے ہیں۔ قومی فیصلے آ ج بھی اسلام آباد کی بجائے واشنگٹن میں ہوتے ہیں۔ ایم ایم اے پاکستان کے عوام کو حقیقی آزادی دلانے اور ملک کو اس کے بنیادی مقصد، اسلامی انقلاب سے ہمکنار کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باجوڑ میں جماعت اسلامی کے امیدوار سردار خان کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی خیبر پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت ان شاء اللہ ایم ایم اے بنائے گی جبکہ مرکز میں ایم ایم اے کا بنیادی اور جاندار کردار ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچانے اور اقتدار کو چند خاندانوں کے قبضہ سے نکال کر عوام کے حقیقی نمائندوں کے حوالے کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ اقتدار میں آنے کے بعد ایم ایم اے کا پہلا کام ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہوگا۔ دریں اثناء سراج الحق نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ترک سفارتخانے کا دورہ کیا اور ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے طیب اردگان کو بھاری اکثریت سے ترکی کا صدر منتخب ہونے اور حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن