دوہری شہریت: 40 میں سے 19 ہزار افسر وں کے حلف نامے جمع
کراچی (سالک مجید) سپریم کورٹ کی ہدایت پر نگران حکومت سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری ملازمین سے دوہری شہریت کے حوالے سے حلف نامے جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اب تک گریڈ 17 اور زائد کے افسران جن کی تعداد 40 ہزار سے زائد ہے ان میں سے 19 ہزار افسران و ملازمین نے حلف نامے دخل کرا دئیے ہیں صرف 7 افسران نے دوہری شہریت کا اعتراف کیا ہے جن میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی امجد لغاری اور باقر نقوی نمایاں ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کے ایم سی‘ واسا‘ واٹر بورڈ کراچی نے تاحال اپنے افسران و ملازمین کے بارے میں حلف نامے جمع نہیں کرائے اور معلومات چھپائی جا رہی ہیں جبکہ سندھ پولیس نے بھی اس سلسلے میں چیف سیکرٹری آفس کو لاعلم رکھا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے اہلکاروں اور افسران کے بارے میں معلومات براہ راست سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو یہ کیس سماعت کیلئے اسلام آباد میں مقرر کر رکھا ہے جہاں سندھ بھر کے افسران و ملازمین کی دہری شہریت کے حوالے سے چیف سیکرٹری کو رپورٹ پیش کرنی ہے۔