(ق) لیگ، تحریک انصاف کی گجرات، چکوال، بہاولپور میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو خطرہ
اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف اور ق لیگ کے درمیان گجرات، چکوال اور بہاولپور کی نشستوں پر انتخابی ایڈجسٹمنٹ خطرے میں پڑ گئی، تحریک انصاف کے ناراض مقامی رہنمائوں و کارکنان نے (ق) لیگ کے امیدواروں کی حمایت کرنے کی بجائے اپنی ہی پارٹی کے آزاد امیدواروں جن کے پاس جیپ کا نشان ہے ان کی حمایت کر دی، جس کے بعد (ق) لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنمائوں سے رابطے قائم کرلئے۔ ق لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان گجرات میں قومی اسمبلی کی 2، چکوال سے قومی اسمبلی کی ایک اور بہاولپور سے قومی اسمبلی کی ایک نشست پر انتخابی ایڈجسٹمنٹ ہوئی تھی اور تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری نہیں کئے تھے، مقامی قیادت کو ہدایت جاری کی تھی کہ (ق) لیگ کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاہم تحریک انصاف کے مقامی رہنمائوں اور کارکنان نے مرکزی قیادت کا فیصلہ مسترد کر دیا اور جیپ کا نشان حاصل کرنے والے آزاد امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد ان حلقوں میں (ق) لیگ کیلئے سیاسی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں اور ان کی کامیابی مشکوک نظر آرہی ہے۔