• news

عالمی برادری کشمیر کی آزاد ی‘ بچوں کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کرے: ملیحہ لودھی

نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان نے کشمیر سمیت تنازعات والے اور مقبوضہ علاقوں میں بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے موثر طریقے تلاش کرنے پرزوردیاہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کشمیر میں بچوں پر براہ راست تشدد کا نوٹس لے۔ملیحہ لودھی نے کہا کشمیر میں کالے قانون کی آڑ میں کم عمر بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے سکولوں اور گھروں میں کھانے پینے کے اشیا کی فراہمی بغیر کوئی وجہ بتائے اچانک بند کر دی جاتی ہے جس کا اثر براہ راست بچوں پر پڑتا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی وہ کشمیر کے بچوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے اور کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے سلامتی کونسل میں اظہار خیال کرتے ہوئے بچوں سے متعلق عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزیوں اور ان کے غلط استعمال کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس غلط رجحان میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اکثر بچے تنازعات کا شکار ہوتے ہیں اور اس کے نتیجے میں ان کے گھروں اور سکولوں کو تباہ کرکے برا ہ راست نشانہ بنایا جاتا ہے اور خوراک اور پانی کی فراہمی جان بوجھ کر منقطع کردی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن