• news

نواز شریف کا پرامن استقبال کرنا ہے، غیرقانونی رکاوٹیں ہٹا دینگے: لیگی رہنما

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں اور انہوں نے واضح اعلان کر دیا ہے کہ میں اپنی عوام کے ساتھ رہوں گا، 13جولائی عوام کے حق حاکمیت کیلئے فیصلہ کن دن ہوگا، پارٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ ہم نے پر امن رہ کر اپنے قائد کا استقبال کرنا ہے لیکن اگر غیر قانونی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو انہیں ہٹائیں گے، جب عوام کی اکثریت کسی فیصلے کو تسلیم نہ کر رہے ہوں تو پھر کوئی بھی فیصلے پر عمل نہیں کرا سکتا۔ مشاہد حسین سید نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 13جولائی ہمارے لئے ڈو اینڈ ڈائی ہے اور ہم اس کیلئے تیار ہیں۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ نواز شریف پر کرپشن، کمشن اور کک بیکس کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نواز شریف کے صادق اور امین ہونے پر مہر لگا دی گئی ہے ۔ نیب کے آرڈیننس کے قانون 9 اے فور میں نواز شریف کو بری الذمہ قرار دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا بھی ایک نظام ہوتا ہے جو سب سے بڑا ہے، تمام سازشیں اور بد نیتی ثابت ہو گئی ہے۔ اپنی شریک حیات کی شدید علالت کے باوجود نواز شریف کا وطن واپسی کا فیصلہ دلیرانہ ہے اور اسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ نواز شریف نے کہہ دیا ہے کہ میں واپس آرہا ہوں اور میں اپنی عوام کے ساتھ رہوں گا ۔ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے پارٹی نے فیصلے کرنے ہیں اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی راولپنڈی آمد پر سب نے اس کا ٹریلر دیکھ لیا ہے۔ ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے۔ ہم فیصلوں پر اپنی مرضی سے عمل کر رہے ہیں حالانکہ ہمیں فیصلوں پر تحفظات ہیں۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر کارکنوں کوا ستقبال سے روکے جانے کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم تحفظات کے باوجود فیصلوں پر عمل کر رہے ہیں۔ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے اور انصاف کیلئے ہم قانونی اور سیاسی راستہ بھی اپنائیں گے مگر قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور عوام 13جولائی کے لئے پرجوش ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا کہ اگر ہمیں روکا گیا تو اور بھی راستے ہیں، ہم پرامن استقبال کرنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن