• news

انتقامی فیصلے کرنے والے پشیمان، انہوں نے غلط وقت کا تعین کیا: مجیدہ وائیں

میاں چنوں (نامہ نگار) میاں چنوں پاکستان مسلم لیگ (ن) وائیں شہید گروپ کے زیراہتمام میاں محمد نوازشریف کے فیصلے کے خلاف مسلم لیگ ہائوس سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو علامہ اقبال روڈ جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی ٹی چوک پہنچی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت سینئر مسلم لیگی رہنما سابق ایم این اے بیگم مجیدہ وائیں، ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں، میاں انصر علی وائیں، میاں غلام شبیر ساقی، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ضلع خانیوال فیضان شمیم، تحصیل صدر یوتھ ونگ یاسین بھٹی، سٹی صدر عثمان الخیری، جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ چوہدری نعمان ٹیپو، لیاقت علی ضیائ، لالہ حمید طور، اعجاز لطیف چوہدری، آمنہ کلثوم، رائو لیاقت علی نمبردار تلمبہ سہیل علی، چوہدری پرویز اقبال سمیت لیبر ونگ، خواتین ونگ سینکڑوں مسلم لیگی کارکنان و عہدیداران نے شرکت کی اور فیصلہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ شرکاء ریلی سے ٹی چوک میں سابق ایم این اے بیگم مجیدہ وائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتقامی فیصلے کروانے والے پشیمان ہیں۔ انہوں نے غلط وقت کا تعین کیا ہے۔ اس وقت ریلی میں نظریاتی کارکنان نے شرکت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ کار کن میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ ڈاکٹر غزالہ وائیں نے کہا کہ آج کی احتجاجی ریلی صرف میاں نواز شریف کی محبت میں نکالی گئی ہے اور آج فصلی بٹیرے کہیں نظر نہیں آ رہے۔ آج صرف وائیں شہید کے کارکنان اور نواز شریف کے متوالے نظر آ رہے ہیں جو ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ غزالہ وائیں نے کہا کہ ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے، گذشتہ دور حکومتوں میں جب بھی نواز شر یف کو حکومت ملی، ان کو ہر بار غیر آ ئینی طریقوں سے نکالا گیا ان پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ غلام شبیر ساقی نے کہا کہ ہمیں اپنے قائد کی خاطر پر امن احتجاج کے لئے اسلام آباد لاہور بھی جانا پڑا تو ہم سب سے پہلے پہنچیں گے۔ ہمارے قائد نواز شریف کو سائیڈ پر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن کارکن ایسا ہر گز ہونے نہیں دیں گے کیونکہ میاں نوازشریف کا پاکستان کو مضبوط کرنے میں بہت بڑا کردار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن