امریکہ اپنے اتحادیوں کی قدر کرے جو زیادہ نہیں رہے: صدر یورپی کونسل کا انتباہ
واشنگٹن (نیٹ نیوز) یورپی کونسل کے صدر ڈونالڈ ٹسک نے اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو غیر درست قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ نیٹو ممالک اپنے دفاع کے لیے درکار رقوم خرچ نہیں کرتے۔ ایک ٹوئٹر پوسٹ میں ٹسک نے تحریر کیا ہے کہ ’’یورپی یونین سے بڑھ کر امریکہ کو کوئی اتحادی نہیں ہو سکتا‘‘۔ ٹسک نے کہا کہ ’’اپنے دفاع پر ہم روس کے مقابلے میں زیادہ خرچ کرتے ہیں، اتنا ہی جتنا کہ چین کرتا ہے۔ ٹسک نے ٹرمپ سے کہا کہ امریکہ اور نیٹو کے طویل مدتی تعلقات کو ذہن میں رکھیں؛ اور امریکی صدر پر زور دیا کہ وہ ’’اپنے اتحادیوں کو سراہیں، چونکہ بہرحال آپ کے پاس اِن کی زیادہ تعداد نہیں ہے‘‘۔ نیٹو سربراہان سے ملاقات کے لیے برسلز کے لیے روانہ ہونے سے قبل، ’ایئر فورس ون‘ میں سوار ہوتے ہوئے، ٹرمپ نے ٹسک کے بیان کو مسترد کیا کہ امریکی کے پاس اتحادیوں کا فقدان ہے۔