• news

حسین لوائی کے ریمانڈ میں توسیع ایف آئی اے نے کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا، اہم انکشافات متوقع

کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی کی مقامی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس ملزم حسین لوائی اورطحہ رضا کو مقامی عدالت میں بدھ کو پیش کیا گیا۔ ملزمان کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا۔ عدالت میں ایف آئی اے کہ تفتیشی آفیسر نے کہا کہ ملزمان سے بینک اکائونٹس کی مزید تفصیلات لینی ہے اورملزمان کا کردار واضح کرنے کے لیے مزید تفتیش کرنی ہے ملزمان کا مزید ریمانڈ دیا جائے عدالت میں حسین لوائی کے وکیل حیدر امام رضوی نے کہا کہ حسین لوائی کا میڈیا کے ذریعے ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ 70سالہ شخص کو ہتھکڑیاں لگائی جا رہی ہیں کیا یہ بھاگ جائیں گے عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے، راو ٔانوار کو کبھی ہتھکڑی نہیں لگائی گئی مگر ایک تعلیم یافتہ فرد کو لگائی جا رہی ہے۔ عدالت نے تفتیش آفیسر کا موقف سنتے ہوئے حسین لوائی کے ریمانڈ میں 14 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ دریں اثنا ایف آئی اے کی انوسٹی گیشن ٹیم نے حسین لوائی کو قومی ایئر لائن کی پروا ز کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ حسین لوائی سے اسلام آبادمیں ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام تفتیش کریں گے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق حسین لوائی کو لے کر قومی ایئر لائن کی پرواز کراچی سے اسلام آباد کے لیے سہ پہر 4 بجے روانہ ہوئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے گرفتار ساتھی اور معروف بینکر حسین لوائی کو چند روز قبل ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں ان کے ساتھی محمد طحہٰ سمیت حراست میں لیا تھا۔ وفاقی دارالحکومت میں تین ہونہار تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم ان سے مزید تفتیش کرے گی جبکہ اہم سوالوں کے جواب کے لئے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم کو حسین لوائی نے اہم رازوں کا انکشاف کرنے کے ساتھ مزید تفصیلات دینے کیلئے چند دن کا وقت مانگ لیا ہے جس کے باعث ایف آئی اے نے معروف تین اہم تفتیش کاروں پر مشتمل ٹیم بناتے ہوئے حسین لوائی کوریمانڈ مکمل ہو نے کے بعد کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا ہے۔ دوسری جانب منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتاری کے بعد سیکورٹی ایکسچینج کمیشن کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین حسین لوائی کو ان کے عہدے سے برطرف بھی کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن