نگران وزیراعظم نے بھٹو اور ضیاء الحق کے زیر استعمال مرسڈیز کی نیلامی روک دی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے تاریخی گاڑی مرسڈیز بینز 600 پلمین کی نیلامی روکتے ہوئے اسے عجائب گھر میں نمائش کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے گاڑی کی نیلامی 22 جون کو کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس بارے میں جب نگران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا تو انہوں نے نیلامی منسوخ کرنے کے احکامات دیتے ہوئے تاریخی اہمیت کی حامل گاڑی کو عجائب گھر میں رکھنے کے احکامات دے دیئے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی ملکیت مرسڈیز اس لحاظ سے بھی تاریخی طور پر اہم ہے کہ یہ پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور سابق صدر ضیاء الحق دونوں کے زیر اسعمال رہی تھی، اس ضمن میں رواں برس مئی میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اشتہار شائع کیا گیا تھا کہ 1970ء کی مرسڈیز بینز 600 پلمین کی نیلامی 22 جون کو منعقد کی جائے گی۔