اسحاق ڈار اثاثہ جات کیس، استغاثہ کے 3 گواہوں کے بیان ریکارڈ
اسلام آباد(نا مہ نگار)سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات کیس کے ضمنی ریفرنس میں استغاثہ کے تین گواہان نے اپنے بیانات ریکارڈ کرادئیے ہیں،ضمنی ریفرنس میں نامزد ملزمان نعیم محمود اور منصور رضا کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے جس پر عدالت نے دلائل کے لیے نیب کو 18جولائی کو دلائل کے لیے نوٹس کر دیا ہے،ضمنی ریفرنس میں نامزد ملزم صدر نیشنل بینک سعید احمد کی بریت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ نہ سنایا جا سکا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر ضمنی ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان نیشنل بینک کے صدرسعید احمد،ہجویری ٹرسٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹرز نعیم محمود اورمنصور رضا عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہان قابوس عزیز، محمد نعیم اورنیازسبحانی کا بیان ریکارڈ کیا گیا،وکیل صفائی قاضی مصباح الحسن نے گواہان پر جرح مکمل کی۔