• news

وزارت داخلہ سیکورٹی انتظامات میں اضافے کیلئے صوبوں کو ہدایات جاری کرے، ناصر الملک

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے وزارت داخلہ کو پورے ملک میں سیکورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم آفس میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ نگران وزیر داخلہ محمد اعظم خان، نگران وزیر قانون سید علی ظفر، وزیراعظم کے سیکرٹری سہیل عامر، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس بیورو احسان غنی، نیکٹا کے کو آرڈینیٹر محمد سلمان، وزیراعظم کے ایڈیشنل سیکرٹری کاظم نیاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں آنے والے انتخابات کے تناظر میں پورے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی قیادت سے رابطہ کرے اور انہیں حکومت کی طرف سے کئے گئے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کرے اور اس معاملے میں ان سے تعاون طلب کرے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔ وزیراعظم نے آنے والے انتخابات کے پر امن اور احسن انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام صوبوں کا دورہ کرنے اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا۔توقع ہے کہ وزیر آعظم آج کے پی کے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن