نوازشریف انتشار کی سیاست کرکے کس کے ایجنڈا پر چل رہے ہیں: پرویزالٰہی
گجرات (نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملکی حالات خراب ہوتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں تاہم اسکے باوجود الیکشن وقت مقررہ پر ہوتے نظر آرہے ہیں الیکشن ملتوی نہیں ہونگے، وہ صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے دھماکوں میں بلور خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ایسے واقعات قابل مذمت ہیں۔ (ن) لیگ سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے انتخابات کے بائیکاٹ سے کوئی فرق نہیں پڑیگا اگروہ بائیکاٹ کر بھی دیں تو الیکشن متنازعہ نہیں ہونگے جن سیاستدانوں کو ہار سامنے دکھائی دے رہی ہو وہ بائیکاٹ کرنے کا ہی سوچتے ہیں۔ علاوہ ازیں چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے نوازشریف آج بھی انتشار کی سیاست کر رہے ہیں، عوام سوال کرتے ہیں کہ وہ کس کے ایجنڈا پر چل رہے ہیں۔ وہ گجرات میں ن لیگی وائس چیئرمین چودھری تنویر کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت پر گفتگو اور اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ میاں عمران مسعود اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شریفوں کو ان کے کرتوتوں کی سزا مل رہی ہے، ابھی تو سانحہ ماڈل ٹائون میں خون کی ہولی کھیلنے کی سزا باقی ہے وہ بھی ضرور ملے گی، بچ نہیں سکتے۔ نوازشریف نے ماضی سے سبق حاصل نہیں کیا، تیسری بار وزیراعظم بننے کے بعد بھی انہوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی، ملک و قوم کے مفادات کے منافی پالیسیاں اختیار کیں اور محاذ آرائی کا رویہ جاری رکھا اب وہ اپنے کئے کی سزا سے بچنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔