لاہور: مختلف علاقوں میں لاکھوں کے ڈاکے، 2 کاریں، 6 موٹر سائیکل چوری
لاہور+ ملتان(نامہ نگار+ کر ائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے نشتر کالونی میںشیراز کی فیملی کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے5لاکھ روپے، نیو انارکلی میں اویس کے گھر سے 5لاکھ روپے، ٹاؤن شپ میں رضاکے گھر سے4 لاکھ روپے، مغلپورہ میں طاہر کی فیملی کو یرغمال بنا کر ساڑھے 3لاکھ روپے، سبزہ زار میں شا کر حسین کی فیملی کو یرغمال بنا کر 2لاکھ روپے، سر ور روڈ میں فاروق کی فیملی کو یرغمال بنا کر ڈیڑھ لاکھ روپے، چوہنگ میں جاوید کی فیملی کو یرغمال بنا کر ایک لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے راہزنی کی 6وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نیفیصل ٹاؤن اور اکبری گیٹ کے علاقوں سے دو گاڑیاں جبکہ ماڈل ٹاؤن، نشتر کالونی، ہڈیارہ، اکبری گیٹ، بھا ٹی گیٹ اور مصری شاہ کے علاقوں سے چھ موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔
ملتان سے کرائم رپورٹر کے مطابق بنک ڈکیتی کی واردات کے دوران انڈسٹریل سٹیٹ میں 4 ڈاکوؤں نے نجی بنک سے 69 لاکھ لوٹ لئے مزاحمت کرنے پر ایک سکیورٹی گارڈ کو زخمی کر دیا اور کار میں بیٹھ کر فرار ہو گئے آر پی او و دیگر پولیس حکام نفری سمیت موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تھانہ مظفر آباد کے علاقہ انڈسٹریل سٹیٹ میں واقع نجی بنک میں گزشتہ روز چار ڈاکو کار پر سوارہو کر آئے دو ڈاکو بنک کے اندر داخل ہوئے اور عملہ کو یرغمال بنا لیا جبکہ دو ڈاکوؤں نے بنک کے باہر موجود سکیورٹی گارڈ پر دھاوا بولا اور عبدالعلیم نامی سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین لیا اور مزاحمت کرنے پر اسے پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا بنک کے اندر موجود ڈاکوؤں نے بنک سے 69 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی اور عملہ پر اسلحہ تان کر اپنے دیگر دو ساتھیوں کو لے کر فرار ہو گئے پولیس کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی بھی کی گئی تاہم ملزموں کا سراغ نہ مل سکا آر پی او نے ایس پی کینٹ کی سربراہی میں واردات ٹریس کرنے کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔