ایمنسٹی سکیم: اب تک حکومت کو 97 ارب کا ریونیو مل چکا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کالا دھن سفید کرنے کو دونوں سکیموں میں اب تک 55 ہزار 225 ڈیکلریشن کی گئی ہیں۔ غیرملکی سکیم کے تحت 577 ارب روپے کے اثاثے ظاہر کئے گئے جبکہ ملکی سکیم کے تحت 1192 ارب روپے کے اثاثے ظاہر کئے گئے ہیں۔ اب تک 97 ارب روپے ریونیو ملا ہے۔ غیرملکی اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم میں غیر منقولہ جائیداد‘ بنک اکاؤنٹ‘ شیئرز اور رہن جانے والی جائیداد 2 سے 5 فیصد ٹیکس دے کر ظاہر کی جا سکتی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سکیموں پر عملدرآمد کو سختی سے مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے ایف بی آر اور سٹیٹ بنک دونوں کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس ادائیگی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور سہولت دی جائے۔ حکومت نے ’’یوایس ڈالرایمنسٹی رولز‘‘ بھی جاری کر دیئے ہیں۔ جن کے تحت سٹیٹ بنک کو اختیار دیا ہے کہ وہ ڈالر بانڈ جاری کرے جو پانچ سال کا ہوگا۔ اور اس پر 3 فیصد منافع بھی دیا جائے گا۔ غیرممالک میں موجود پاکستانی ظاہر کردہ نقد رقم ان بانڈز میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ سکیموں پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 31 جولائی ہے۔