• news

میانوالی: دریائے سندھ میں 4 نوجوان ڈوب گئے، سواں میں 5 افراد کو پاک فوج نے بچا لیا

میانوالی/ راولپنڈی (نامہ نگار+ آئی این پی) میانوالی راولپنڈی روڈ پر کالاباغ ڈیم سائٹ کے قریب 7 نوجوان نہاتے ہوئے دریائے سندھ کی تیز رفتار موجوں کی زد میں آگئے، تین کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ مبینہ طور پر 4 نوجوان ڈوب گئے۔ دریائے سواں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے ڈوبنے والے 5 افراد کو پاک فوج نے بچا لیا۔ تفصیل کے مطابق مکھڈ شریف گائوں کانی کے رہائشی7 نوجوان نہاتے ہوئے کالاباغ ڈیم سائٹ کے قریب دریائے سندھ کی تیز رفتار موجوں کی زد میں آگئے جن میں سے تین کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ 4 نوجوان ڈوب گئے۔ اندھیرا چھا جانے کی وجہ سے نعشوں کی تلاش کے لئے واٹر ریسکیو سرچ آپریشن بند کر دیا گیا۔ ڈوبنے والے نوجوانوں میں محمد آصف عمر 21 سال، محمد فراز عمر 19 سال، محمد آصف عمر 23 سال اور محمد عاقب عمر 20 سال شامل ہیں۔ آئی این پی کے مطابق بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹر نے 5 افراد کو سواں دریا میں ڈوبنے سے بچا لیا، بچائے گئے افراد میں خاتون اور دولڑکیاں بھی شامل ہیں، پانچوں افراد سواں دریا میں پانی اچانک بلند ہونے سے پھنس گئے تھے، بچائے گئے پانچوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن