• news

قومی کرکٹ ٹیم آج صبح بلاوایو پہنچے گی‘ شام کو پریکٹس پہلا ون ڈے کل ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ون ڈے سیریز میں زمبابوے کے شکارکے لیے گرین شرٹس نے تیاریاں شروع کر دیں۔سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ون ڈے سیریز کیلئے بولاوایو جانے سے گریز کرنے والے پاکستانی کرکٹرز نے ہرارے میں ہی پہلا پریکٹس سیشن کیا،وارم اپ اور فیلڈنگ ڈرلز کے بعد کھلاڑیوں نے نیٹ میں بیٹنگ اور بائولنگ کرتے ہوئے صلاحیتوں کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا، ہرارے پہنچ کر ون ڈے سکواڈ کو جوائن کرنے والے کرکٹرز خاص طور پر کوچز کی توجہ کا مرکز بنے۔ایک نیٹ پر جنید خان اور دوسرے پر یاسر شاہ نے طویل سیشن کیا،اظہر محمود دونوں کی اچھی گیندوں پر داد دیتے رہے،فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان شنواری نے بھی اپنی لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلئے کام کیا۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بابر اعظم اور امام الحق کی پریکٹس کا بغور جائزہ لیتے ہوئے انھیں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مشورے دیے،فخرزمان نے جارحانہ سٹروکس کھیلنے کی مشق جاری رکھی،کپتان سرفراز احمد نے الگ وکٹ کیپنگ پریکٹس کے دوران سٹمپ پر اپنی مہارت بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا،بعد ازاں انھوں نے طویل بیٹنگ سیشن کیا۔قومی کرکٹ ٹیم آج صبح ہرارے سے بلاویو روانہ ہوجائے گی ۔ فلائیٹ ایک گھنٹہ کا سفر کرے گی ۔ گرین شرٹس دوپہر اور شام کے وقت پریکٹس سیشن کریں گے ۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کل کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن