نوازشریف مریم کی گرفتاری کیلئے 2 ہیلی کاپٹر ائرپورٹ پہنچا دیئے گئے حکام رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی : چیئرمین نیب
اسلام آباد+ لاہور (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ معزز احتساب عدالت کے ایون فیلڈ ریفرنس میں دئیے گئے فیصلہ اور معزز احتساب عدالت کی طرف سے نواز شریف اور مریم نواز کیلئے جاری وارنٹ گرفتاری پر قانون کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ جمعرات کو یہاں جاری بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ اس سلسلہ میں قانون کی خلاف ورزی اور کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ دوسری جانب نیب نے ان کی گرفتاری کیلئے تمام انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں۔ نواز شریف اور مریم کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ائرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔خیال رہے احتساب عدالت نے 6جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ریٹائرڈ)صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نب نے حکمت عملی تیار کر لی۔ نیب حکام کے مطابق 2ہیلی کاپٹر لاہور ائرپورٹ پر پہنچا دئیے گئے۔ نیب کی 2 ٹیمیں لاہور اور 2 اسلام آباد ائرپورٹ پر تعینات ہونگی۔ نیب حکام کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو راولپنڈی لایا جائیگا۔ چیئرمین نیب نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ائرپورٹ کے اندر سے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کیا جائے گا۔ وفاقی ادارے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کریں گے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50 سے 100 افراد کی گرفتاری ہوئی ہے۔ ریلی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دینی ہوتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے ایسے لوگ جو مقدمات میں ملوث ہیں ان کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ میری اطلاع کے مطابق مسلم لیگ ن نے ریلی کی اجازت نہیں لی۔ الیکشن میں متوقع طور پر گڑبڑ کرنے والے افراد کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔ شوکت جاوید نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں کسی خاص سیاسی جماعت کیخلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔ پنجاب میں کارروائیاں الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں اب تک ضابطہ اخلاق کی 350 خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔ عام انتخابات سے قبل پنجاب میں دہشت گردی کا ممکنہ خطرہ مزید بڑھ گیا۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے الیکشن مہم میں چھوٹے بڑے اجتماعات پر سکیورٹی مزیدسخت کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ دفعہ 144کی خلاف ورزی پرسختی سے نمٹاجائےگا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں عوام سے کہا گیا ہے کہ اپنے اردگرد مشکوک افراد، لاوارث سامان، موٹر سائیکل اورگاڑیوں کی اطلاع ون فائیو پر دیں۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کے سابق جنرل مینجر ذوالفقار جعفری کو گرفتار کر لیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق جمعرات کو ذوالفقار جعفری کو اسلام آباد کے تجارتی مرکز بیورلے سینٹر سے گرفتار کیا گیا، ملزم کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد سے نیب کراچی بیورو منتقل کر دیا گیا۔ پی ایس او کے سابق جنرل منیجر ذوالفقار جعفری ڈاکٹر عاصم کیس میں نیب کو مطلوب تھے، ذوالفقار جعفری ایک نجی کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے۔
چیئرمین نیب/ صوبائی وزیر داخلہ