• news

ناصر الملک کو سیکورٹی اقدامات پر بریفنگ‘ قوم نفرت پھیلانے والوں کیخلاف متحد ہے : جنرل قمر باجوہ

پشاور (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کا الگ، الگ دورہ کیا اور خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما ہارون بلور کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ نگراں وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا اور نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ نگران وزیر داخلہ اعظم خان بھی ان کے ساتھ تھے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کو پشاور میں کارنر میٹنگ کے دوران دہشت گرد حملے کے بعد صوبائی حکومت کے سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیر اعظم نے حملے میں قیمتی جانوں کی ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو انتخابی امیدواروں بالخصوص معروف سیاسی رہنماو¿ں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بلور ہاو¿س میں نگران وزیر اعظم ہارون بلور کے اہلخانہ سے ملے اور ان سے تعزیت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ہارون بلور کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ بلور خاندان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہا اور اس نے عظیم قربانیاں دیں۔ ہم امن کے اس مشکل سفر میں بہت آگے نکل چکے ہیں اور منزل اب دور نہیں ہے۔ قوم نفرت و انتشار پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز متحد کھڑی ہے۔ بار ایسویسی ایشن چیچہ وطنی نے پشاور دھماکے کے خلاف مکمل ہڑتال کی اور کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں خودکش بم دھماکے کا ایک اور زخمی محمد عادل لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ شہدا کی تعداد 22 ہو گئی۔ ہسپتال حکام کے مطابق دھماکے کے 62 زخمی لیڈی ریڈنگ ہسپتال جبکہ 14 زخمی خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں منتقل کئے گئے۔ نگران وزیراعظم نواز شریف نے ہارون بلور کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک اور جمہوریت کیلئے بلور خاندان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔ سانحہ پشاور کےخلاف لاہور بار کی کال پر وکلاءنے ہڑتال کی، ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کے باعث وکلاءگزشتہ روز عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، ہڑتال کا اعلان لاہور بار کے صدر ملک ارشد کی جانب سے کیا گیا تھا۔ پشاور دھماکے کے بعد سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ وکلا اور سائلین کو تلاشی کے بغیر عدالتوں کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ہارون بلور سمےت 22 افراد کی رسم قل آج ادا کی جائےگی، ہارون بلور کی رسم قل ان کے چچا حاجی غلام احمد بلور کی رہائش گاہ پر ادا کی جائےگی جبکہ دےگر شہدا کے رسم قل شہر کے مختلف علاقوں مےں ادا کی جائےگی، بلور ہاﺅس مےں رسم قل پر بلاول بھٹو زرداری کی بھی آمد متوقع ہے۔ہارون بلور شہیدی کی اہلیہ نے پی کے 78 پشاور سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، بیٹے دانیال بلور نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید والد کے حلقے سے والدہ امیدوار ہوں گی‘ ہمارے حوصلے بلند ہیں۔

نگران وزیراعظم/ آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن