سرفرازاحمد، فیصل اقبال اور انور علی الیکشن ڈیوٹی سے بچ گئے
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے بھی کھلاڑیوں کو الیکشن ڈیوٹی دینے کی ہدایت کردی۔ ملک میں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے باعث سرکاری ملازمین الیکشن ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے جس کی زد میں اب کرکٹر بھی آگئے ہیں۔ قومی ایئر لائن نے کرکٹرز اعزاز چیمہ، شہریارغنی، شہزر محمد اور آغا صابر سمیت دیگر کئی کھلاڑیوں کو نوٹسز جاری کیے ہیں تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، فیصل اقبال اور انور علی کو الیکشن ڈیوٹی سے چھوٹ دے دی ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں تمام کھلاڑیوں کو ایچ آر آفیسر سے ملنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی آئی کے نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن ڈیوٹی کی ہدایات پر عمل در آمد نہ کرنے والے کھلاڑیوں کو شوکاز، سزا اور جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
بدوملہی : رحمانی کرکٹ کلب
ٹورنا منٹ کا فائنل آج ہو گا
بدوملہی(نامہ نگار) رحمانی کرکٹ کلب ٹورنامنٹ بدوملہی کا فائنل آج سہ پہر 5بجے شاہد بٹ رائس ملز پر ہو گا۔ فائنل میچ جیتنے والی ٹیم کو انتظامیہ کی طرف سے20ہزار روپے نقد اور ٹرافی جب کہ ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 10ہزار روپے نقد اور ٹرافی انعام میں دی جائے گی۔
حلقہPP50سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چودھری سجاد مہیس فائنل میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔