پہلا ون ڈے پاکستان زمبابوے آج مدمقابل حریف ٹیم آسان نہیں ٹاس اہم ہو گا : سرفراز احمد
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کے امتحان میں سرخرو ہوئی اب پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میں میزبان زمبابوے کے خلاف گرین شرٹس کی آزمائش شروع ہورہی ہے۔ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آج کوئینز کلب میں کھیلا جارہا ہے۔ دونوں ٹیموں میں قدر مشترک چیز یہ ہے اس سال دونوں ٹیموں نے کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں جیتا ہے۔پاکستان دنیا کی واحد رینکنگ والی ٹیم ہے جس نے اس سال کوئی ون ڈے نہیں جیتا ہے۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ نے پانچوں میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ زمبابوے کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم فیورٹ قرار دی جارہی ہے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بولاوایو میں ون ڈے میچ صبح سویرے شروع ہونے پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ میچ صبح سوا نو بجے شروع ہوگا جبکہ ٹاس صبح پونے نو بجے ہوگا، یہاں سردیوں کا موسم ہے اس لئے ٹاس کی بہت اہمیت ہے، ٹاس ہارنے والی ٹیم مشکل میں گھر سکتی ہے۔جمعرات کو بولاوایو میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان کی موجودگی میں ایک اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کرکے ہم انہیں ورلڈ کپ کے لئے آزمانا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم یاسر شاہ کو پانچ میں سے کم از کم دو میچ کھلائے گی، پہلے ہم اس سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنا چاہتے ہیں اس کے بعد روٹیشن کی پالیسی کے تحت سب کو موقع دیں گے۔انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم کسی بھی طرح آسان نہیں ہے اس لئے یہ کہنا کہ ابتدائی تین میچوں میں سیریز جیت کر مختلف کمبی نشین آزمائیں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہم کلین سوئپ کا دعوی کرنے کے بجائے میچ بائی میچ جانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں میں نوجوان کھلاڑی ہیں اور ہمارے پاس بھی باصلاحیت نوجوان ہیں اس لئے ہم تمام 15 کھلاڑیوں کو موقع دیں گے تاکہ ایشیا کپ سے قبل ہمیں پتہ چل سکے کہ ہمیں کن کھلاڑیوں کو لے کر آگے جانا ہے، ہم گیم بائی گیم آگے جانا چاہتے ہیں اور اپنی اپروچ کو تبدیل نہیں کریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے پاس تین اوپنرز امام الحق،محمد حفیظ اور فخر زمان ہیں ہم تینوں کو آزمائیں گے، ہمیں حفیظ بھائی کی بولنگ کا بھی ایڈوانٹیج ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کسی میچ میں پاکستان تینوں اوپنر حفیظ، فخر اور امام کو بھی کھلاسکتا ہے۔ میرا ٹی ٹونٹی میں چوتھا اور ون ڈے میں پانچواں نمبر ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 16 جولائی، تیسرا 18 جولائی، چوتھا 20 جولائی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 22 جولائی کو کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر سو بارہ بجے شروع ہوگا۔ اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم میزبان ٹیم کیلئے ان فارم پاکستان ٹیم کوزیرکرنا بڑا چیلنج ہوگا۔زمبابوین کرکٹ بورڈ کے مالی مسائل کے باعث قومی ٹیم 3روزکی تاخیرسے گزشتہ روز بولاوایوپہنچی۔ بابراعظم، امام الحق، جنید خان اور یاسرشاہ پہلے ہی ٹیم کوجوائن کرچکے ہیں۔گرین شرٹس نے ون ڈے سیریزکی تیاری کیلئے ہرارے میں بھرپورپریکٹس کی،گزشتہ روز بلاوایو میں پریکٹس کی گئی جس میں کوچز نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ ‘باﺅلنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کی خامیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ پاکستان کوون ڈے رینکنگ میں 5ویں پوزیشن برقراررکھنے کیلئے زمبابوے کیخلاف سیریزمیں چار ایک سے فتح حاصل کرنا ہو گی ۔آج کے میچ میں ممکنہ سکواڈ میں فخر زمان ‘امام الحق ‘بابر اعظم ‘شعیب ملک ‘آصف علی ‘سرفرا ز احمد (وکٹ کیپر ‘کپتان )شاداب خان ‘فہیم اشرف ‘حسن علی ‘محمد عامر ‘عثمان خان شنواری اور یاسر شاہ میں سے ایک شامل ہوگا۔ امکان ہے کہ پچ باﺅلرز کیلئے سازگار اور بلے بازوں کیلئے خطرناک ثابت ہو گی ۔ قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ بازوکی انجری سے مکمل طور پر نجات پاچکاہوں ۔ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے تیارہوں اور اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا ۔