نواز شریف کی وطن واپسی ‘ باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سکیورٹی ہائی الرٹ
پشاور (بیورو رپورٹ)سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے باعث باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے نیب ، ایف آئی اے ، خیبرپی کے پولیس نفری ان کی پشاور ممکنہ آمد پر ائیرپورٹ پر تعینات کردی گئی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)پشاور، جنوبی اضلاع، چارسدہ، مردان، بونیر، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن کے کارکن مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام کی قیادت میں لاہور روانہ ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک بھر کے تمام ائیر پورٹس پر حکومتی اداروںکو الرٹ کیا گیا ہے ممکنہ طور پرطیارے کوکسی بھی ائیر پورٹ پر اترنے کے لئے تمام اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تمام اداروںکو بھی آگاہ کر دیا ہے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔ نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی آمد پر ایئرپورٹ کی حدود میں داخلے کی کسی کو اجازت نہیں ہو گی، کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی۔ دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اڈیالہ جیل میں گرینڈ سرچ آپریشن کیا اور جیل کے اس حصے کا بھی جائزہ لیا جہاں ممکنہ طور پر سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی رکھے جائیں گے۔ جیل کے اندر سرچ آپریشن کے دوران ایک بندوق برآمد ہوئی۔