مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی نہتے مظاہرین پر پھر فائرنگ‘ طالب علم شہید‘ جھڑپ میں کمانڈو ہلاک
سرینگر(اے این این ‘ سنہوا‘ کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے بچہ اور ایک طالب علم شہید،مجاہدین کی کارروائی میں کمانڈو ہلاک،ایک زخمی ،ترہگام میں بھارتی فوج نے مظاہرین پر سیدھی فائرنگ کر دی۔تفصیلات کے مطابق کپواڑہ کے علاقے ترہگام میں مظاہرین پر فورسز کی راست فائرنگ سے ایک20سالہ طالب علم خالد غفارشہیدجبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔ ترہگام میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ قصبے میں پہنچ گئے ہیں۔ ادھرسر حدی ضلع کپواڑہ کے سادھو گنگا کنڈی جنگلات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک فوجی کمانڈو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ۔20سالہ خالد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ فسٹ ائر کاطالب علم تھا اور ترہگام بازار میں کنن پوش پورہ روڑ پر دکان بھی چلاتا تھا۔لوگوں نے بتایا کہ خالد پتھرائو نہیں کررہا تھا بلکہ دکان پر بیٹھا ہوا تھا جب اسے گولی مار دی گئی۔اسکے بعد فوج اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور ہزاروں کی تعداد میں مرد و زن گھروں سے باہر آئے اور احتجاجی مظاہرے کرنے لگے۔علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جاتی ہے اور ہر طرف مساجد سے اعلان کروایا جارہا تھا کہ لوگ ترہگام پہنچ جائیں۔شوپیاں میں بارودی گولہ پھٹنے سے شہید ہونے والے 8سالہ کمسن سالک اقبال کو بھی سپردخاک کر دیا گیا۔دریں اثنا قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے ترہگام میں کرفیو جبکہ جبکہ پورے ضلع کپواڑہ میں سخت پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔ طلباء کو مظاہروں سے روکنے کیلئے ضلع میں تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ ادھر انتظامیہ نے سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک ، محمد اشرف صحرائی اور دیگر حریت رہنمائوں کوآج سرینگر میں شہداء نقشبند صاحب کی طرف مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں اور تھانوں میں نظر بند کر دیاہے۔ مشترکہ قیادت نے 13جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمعہ کو سرینگر میں مزار شہداء نقشبند صاحب کی طرف مارچ کی کال دے رکھی ہے۔ بھارتی پولیس نے جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے حراستی ریمانڈ میںجمعہ تک توسیع کردی ہے ۔مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے شہری ہلاکتوں کیخلاف دی گئی کال کے پیش نظر وادی میں مکمل ہڑتال رہی۔ ہڑتال سے سری نگر کے علاوہ وادی کے دیگر اضلاع اور تحاصیل صدر مقامات میں تمام دکانیں‘ کاروباری ادارے‘ بازار‘ بینک‘ تعلیمی ادارے اور نیم سرکاری دفاتر بند رہے۔ حریت کانفرنس ع نے شوپیاں‘ کولگام اور نادی ہل ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیادت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ رواں جدوجہد کو پایہ تکمیل تک لے جائیں۔لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف کشمیری عوام آج جمعہ کو یوم شہدائے کشمیر منائیں گے۔ اس روز آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جلسے جلوس اور مظاہرے اور تقریبات منعقد ہوں گی۔ بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر کٹھوعہ میں کمسن آصفہ بانو عصمت دری و قتل کیس کے 7 ملزمان کو کٹھوعہ ضلع جیل سے پنجاب کے گورداسپور شہر کی جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر میں عام شہریوں کی شہادتوں کا سلسلہ روکنے کیلئے نئے ایس او پی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ سرکاری انسانی حقوق کمشن نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں چند دنوں میں 10 شہریوں کی شہادتوں پر حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا سرینگر میں پتھراؤ سے 5 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔