گرفتاریوں پر چیخنے والی مسلم لیگ ن سانحہ ماڈل ٹاؤن یاد رکھے: حامد رضا
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ چند گرفتاریوں پر چیخنے والی ن لیگ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن نہیں بھولنا چاہئے۔ عدالت سے مالیاتی جرائم پر سزا یافتہ قومی مجرموں کا استقبال کرنا مذاق ہے۔ بینظیر بھٹو پر نواز شریف کے مظالم قوم کو یاد ہیں۔ مریم نواز کو عدالتی سزا پر رونے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خواتین کے سفاکانہ قتل پر کیوں خاموش رہے۔ شریف خاندان نے جو بویا وہی آج کاٹ رہا ہے۔ اسلام اور پاکستان سے غداری کرنے والے خدائی پکڑ میں آ چکے ہیں۔ ن لیگ عدلیہ، فوج اور نیب پر حملہ آور ہے۔ 25 جولائی کو عوامی عدالت کا فیصلہ بھی ن لیگ کے خلاف آئے گا۔ قوم بیدار اور باشعور ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ امریکہ اور بھارت نواز شریف کو بچانے کے لئے پاکستان کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں۔ جب بھی نواز شریف پر مشکل وقت آتا ہے تو ملک میں دھماکے شروع ہو جاتے ہیں۔ نواز شریف اتنے ہی بہادر ہیں تو اپنے بیٹوں کو بھی ساتھ لاتے۔ ن لیگ مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔