ینگ ڈاکٹرز کی اکثریت محنتی اور فرض شناس ہے: صوبائی وزیر صحت
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جواد ساجد خان نے کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز اپنے بارے میںعوام میں پائے جانے والے تشخص کو تبدیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی اکثریت بہت محنت اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے تاہم مریضوں کے علاج معالجہ پر مزید توجہ دینے اور حسن اخلاق سے پیش آنے کی ضرورت ہے تاکہ غلط تاثر کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ڈاکٹرز ہوسٹل میں لائبریری کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے قبل ازیں سروسز ہسپتال کے نئے آئوٹ ڈور بلاک کا بھی دورہ کیا اور غازی علم الدین شہید بلاک میں قائم پیڈیاٹرک وارڈ، بچوں کی نرسری اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس حوالے سے وزیرصحت کا کہنا تھا کہ سروسز ہسپتال کا او پی ڈی اور انڈور بلاک سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ ہے اور چھوٹے بچوں کے لئے بھی پیڈزوینٹیلیٹرز دستیاب ہیں جو ایک بہت بڑی سہولت ہے۔ وزیرصحت نے ینگ ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ اپنے حقوق اور سہولیات کے حصول کے لئے آواز ضرور بلند کریں لیکن اپنے حقوق کی جدوجہد میں مریضوں کے حقوق کا بھی مکمل خیال رکھا جائے۔