عوام کو ” گدھے“ کہنے پر عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست دائر
اسلام آباد (وقائع نگار) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے نارووال کے جلسے میں عوام کو ”گدھے“ کہہ کر پکارنے پر ان کی نااہلی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کی جانب سے قبل ازیں لاہور میں ”میں پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں“ کے الفاظ بھی استعمال کئے گئے جو درخواست گزار کے ووٹ اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان کو آرٹیکل 62اور63کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔ جمعہ کو اسلام آباد کے وکیل خالد محمود خان کی جانب سے دائر درخواست میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نارووال سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 78کے امیدوار کی انتخابی مہم کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے شہریوں کے لئے ” گدھے “ کالفظ استعمال کیا گیا جس سے درخواست گزار سمیت پاکستان کے معزز شہریوں کی تضحیک ہوئی ہے۔
عمران/ درخواست