• news

5 نسلیں مقروض کر دیں‘ زندگی کے 2 مقاصد ہیں‘ ڈیموں کی تعمیر‘ قرض اتارنا : چیف جسٹس

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی+ وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ آج ہر پیدا ہونے والا بچہ ایک لاکھ 17 ہزار کا مقروض ہے، ہم نے اپنی پانچ نسلوں کو مقروض کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ میں کچی آبادیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو بدترین مسائل کا سامنا ہے۔ کچی آبادیوں والے بھی انسان ہیں۔ عدالت نے مسائل سے آگاہی کیلئے بابر اعوان کو عدالتی معاون مقرر کر دیا۔ میری زندگی کے دو ہی مقصد ہیں پہلا مقصد ڈیمز کی تعمیر اور دوسرا قرض اتارنا۔ ریٹائر ہو کر بھی اس پر کام جاری رکھوں گا۔ ہمیں آئندہ آنے والی نسلوں کو مقروض چھوڑ کر نہیں جانا۔ ڈیمز اور پانی والے مسئلے کے بعد قرضوں والا کام شروع کریں گے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کی فنڈنگ کے لئے ایس ایم ایس سروس متعارف کرا دی، موبائل صارفین میسج سروس کے ذریعے 10 روپے ڈیموں کے اکاﺅنٹ میں عطیہ کر سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی پریس ریلیز میں انتہائی سادہ طریقہ کار بنایا گیا ہے جس کے تحت میسج میں ڈیم لکھیں اور 8000 پر بھیج دیں۔ میسج بھیجنے کے کچھ دیر بعد آپ کو تصدیقی پیغام بھی موصول ہو گا۔ چیف جسٹس نے کہا باجوڑ سے تعلق رکھنے والے بچوں کی ویڈیو دیکھ کر میری آنکھیں بھر آئیں۔ زندہ قوموں کا یہ شیوہ نہیں ہوتا۔ کچی آبادیوں کے مکینوں کو مناسب جگہ ملنی چاہئے۔ کم از کم بنیادی سہولیات تو ملنی چاہئیں، لوگوں کو پانی اور رہائش نہیں مل رہی۔ علاوہ ازیں چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے چیف جسٹس سے ملاقات میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
چیف جسٹس/ مقاصد

ای پیپر-دی نیشن