• news

ووٹرز کرپٹ اشرافیہ کو شکست دیں، جیت کر 5 سال حلقہ کے عوام کو منہ نہ دکھانے والے نمائندگی کا حق نہیں رکھتے

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عزت دار کو ووٹ دینے سے ہی ووٹ کی عزت بحال ہوگی ۔ جو لوگ ووٹ لینے کے بعد اسمبلیوں میں پہنچ کر قومی سرمایہ لوٹیں ، ان کو ووٹ دینے سے ووٹ کی عزت بحال نہیں ہوسکتی ۔ ووٹرز ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اشرافیہ کو شکست دیں ۔ انتخابات میں غریبوں سے دوستی کے دعوے کرنے او ر الیکشن کے بعد پانچ سال تک حلقے کے عوام کو منہ نہ دکھانے والے عوامی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے ۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے میدان کمبڑ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے حلقہ پی کے 17 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار سعید گل اور پی کے 16 کے امیدوار اعزاز الملک افکاری نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں نے عوام سے ہی نہیں ملک سے بھی بے وفائی کی اور جس طرح عوام کے اعتماد کو بار بار ٹھیس پہنچائی ، اسی طرح ملک کے نظرئیے سے غداری کر کے ملک کو دولخت کردیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام ان لٹیروں کا محاسبہ کرنے اور انہیں ایوانوں کی بجائے جیلوں میں پہنچانے کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں۔ عوام کو پینے کا صاف پانی ، تعلیم ، علاج ، روزگار اور چھت کی سہولتیں دینا ایم ایم اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ 25 جولائی لٹیروں کے ساتھ تمام حساب برابر کرنے کا دن ہے ۔ عوام الیکشن کے دن’’ کتاب ‘‘پر مہر لگا کر چوروں اور کرپٹ مافیا سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کو حقیقی اسلامی و فلاحی ریاست بنانے اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بہم پہنچانے کے لیے میدان میں ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسمبلیاں شرابیوں ، زانیوں کے لیے نہیں ، خوف خدا رکھنے والوں کے لیے ہیں۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار اور امریکی غلام پاکستان کو اسلام سے دور کر کے اسے ایک لبرل و سیکولر سٹیٹ بنانا چاہتے ہیں جبکہ متحدہ مجلس عمل ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2018 ء کے الیکشن غلامان مصطفیؐ اور غلامان امریکہ کے درمیان مقابلہ ہے۔ قوم 25 جولائی کو متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر ملک میں اسلامی انقلاب کی منزل کو حاصل کرنے میں ہمارا ساتھ دے۔

ای پیپر-دی نیشن