نواز شریف سے اظہار یکجہتی، مسلم لیگی کارکن نے خود کو زنجیروں میں جکڑ لیا
لاہور (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے کارکن نے محمد نوازشریف اور مریم نواز سے اظہار یکجہتی کے لئے خود کو زنجیروں میں جکڑ لیا، جلوموڑ کا رہائشی ایوب بھٹہ خود کو زنجیروں میں جکڑ کرمسلم لیگ (ن) کی ریلی میں پہنچ گیا اور قیادت کے حق میں نعرے لگاتا رہا۔ اس دوران لیگی کارکن اور پولیس اہلکاروں میں مکالمہ بھی ہوا۔ محمد ایوب نے پولیس سے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی بجائے مجھے گرفتارکریں اور سزا دیں جس پر پولیس نے ایوب سے پوچھا کہ جرم کسی اور کا ہو تو آپ کو سزا کیوں دیں؟ کارکن نے کہا کہ میں شریف خاندان کا سپاہی اور عاشق ہوں۔ یاد رہے کہ ایوب بھٹہ کو ماضی میں الحمرا ہال میں نواز شریف سے ملنے کی کوشش پر سکیورٹی اہلکاروں اور کارکنوں نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔