نگران حکومت ناتجربہ کار، انتخابات کا پرامن انعقاد ضروری ہے‘ فواد چوہدری
اسلام آباد (آئی این پی) ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نگران حکومت بہت کم مدت کے لئے آئی ہے‘ انتخابات کا پرامن ہونا ضروری ہے‘ نواز شریف نے جن کے پیسے لوٹے ہیں انہی کو کہہ رہے ہیں کہ ہمارا استقبال کرنے آئیں‘ بہت سے ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان کے انتخابات عدم استحکام کا شکار ہوں‘ نگران حکومت ناتجربہ کار ہے‘ شہباز شریف گلا پھاڑ کر کہہ رہے ہیں کہ احتجاج کے لئے نکلیں۔ جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کے پی میں حکومت سنبھالی تو صورتحال بہتر نہیں تھی ہمارے دہشت گردی سے جڑے مسائل اندرونی نہیں بیرونی ہیں۔ ہم انتخابات کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انتخابات کا پرامن ہونا ضروری ہے۔ نگران حکومت کی اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ ان معاملات کا سامنا کرسکے۔ نگران حکومت بہت کم مدت کے لئے آئی ہے۔ چیف منسٹرز کو چاہئے کہ وہ فوراً ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلائے۔ بہت سے ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان کے انتخابات عدم استحکام کا شکار ہوں۔ ہماری چیف منسٹرز سے گزارش ہے کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلا کر مسائل کو حل کریں۔