• news

میری ٹائم سکیورٹی پٹرولنگ سے جہاز رانی کے تحفظ میں مدد ملے گی: ظفر عباسی

لاہور (خبر نگار) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز میں اختتام پذیر ہوگئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں، سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور فلاح و بہبود سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو اس موقع پر پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سکیورٹی کی موجودہ مجموعی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں بحر ہند میں پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے قیام سے حساس سمندری علاقوںاور تنگ راستوں پر بحری دہشت گردی، بحری قذاقی، منشیات، اسلحے اور انسانی سمگلنگ جیسے خطرات سے قومی اور بین الاقوامی جہاز رانی کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ نیول چیف نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ماحولیات بالخصوص سمندری ماحول کے تحفظ اور سمندروں کے بھرپور استعمال کے لئے ہرممکن کوشش کرتی رہے گی اور ساتھ ہی ساتھ اپنی آئندہ نسلوں کے لیے قیمتی وسائل کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن